کراچی(سٹیٹ ویوز)جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اور سینیٹر سید وقار مہدی سے سابق وزیرِ حکومت آزاد کشمیر سردار عابد حسین عابد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون کے صدر سردار ذوالفقار علی، سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار نزاکت خان، سردار شوکت حسین، ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون سردار عاطف قیوم سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص آزاد کشمیر میں جاری سیاسی پیش رفت اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سید وقار مہدی اور سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا قیام کشمیری عوام کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور عوام کی بھرپور حمایت سے پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت تشکیل دے گی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے، تنظیمی ڈھانچے کو فعال کرنے اور انتخابی حکمتِ عملی پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون سردار ذوالفقار علی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی دن بدن مضبوط ہو رہی ہے اور عوام پارٹی کی پالیسیوں اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔