اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)سابق سنئیر وزیر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے باغ میں کینسر کی تشخیص کے لیے ادارہ قائم کریں گے۔ہزاروں مریض ابتدائی تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے بیماری کے خطرناک سٹیج میں داخل ہو جاتے ہیں جس کے بعد علاج ممکن نہیں رہتا ۔لوگوں کی دعاؤں اور بروقت تشخیص سے اللہ نے مجھے صحت سے نوازا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ افراز گردیزی اور ایپسکا باغ کے صدر اظہر حسین شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔
انھوں نے کہا ہم نے ہمیشہ عوامی سہولیات اور مفاد کے لیے بڑے اداروں کے قائم کرنے میں کردار ادا کیا ۔میری اچانک بیماری کی بروقت تشخیص نہ ہوتی تو زیادہ پیچیدہ مسائل پیدا ہوتے ۔مجھے محسوس ہوا کہ عوام کی اکثریت بروقت اور درست تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے کینسر کے اس سٹیج میں داخل ہو جاتے ہیں جہاں مہنگا علاج ان کے بس میں نہیں ہوتا۔اگر مرض کے آغاز میں تشخیص ہو تو ایسے ادارے موجود ہیں جو کم خرچے یامفت علاج کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا باغ میونسپل کارپوریشن کو شہری مسائل حل کرنے کا سب سے موثر ادارہ ہونا چاہئیے بلدیاتی انتخابات کے بعد منتخب کونسلرز کے آنے سے اس ادارے کو آگے بڑھنا چاہیئے تھا ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس وقت مختصر ہے لیکن کوشش ہو گی وزیر اعظم کے جلسے میں عوام نے مجھ جس محبت کا اظہار کیا وہ حق ادا کر سکوں۔