موجودہ سیاسی و سلامتی کی صورتحال میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور دفاعی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون

133

کراچی(سٹیٹ ویوز)صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون سردار ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی و سلامتی کی صورتحال میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور دفاعی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور قوم افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے اختیار کی گئی حکومتی پالیسیوں پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے، کیونکہ ریاست کی بقا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سردار ذوالفقار علی نے خطے کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال نہایت حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے ہمسایہ ملک افغانستان پر زور دیا کہ وہ کسی بھی بیرونی طاقت کا آلہ کار بننے کے بجائے ایک ذمہ دار ہمسایہ ریاست کا کردار ادا کرے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحیت یا سازش کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایران،عرب، اسرائیل کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران کی سالمیت اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کا حملہ پورے خطے کو شدید کشیدگی اور عدم استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے، سفارتی ذرائع کو فعال بنانے اور امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر قومی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر کوئی کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی۔ قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور دفاعی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی ہی موجودہ چیلنجز کا مؤثر جواب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں