سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے سانحہ زکورہ اور ٹینگ کے شہداء کو ان کی 36ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ زکورہ اور ٹینگ پورہ جیسے قتل عام کے واقعات جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری نسل کشی مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ 36 سال گزرنے کے بعد بھی زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کے شہداء کے اہلخانہ ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے ذہنوں میں زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کی تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ سینئرحریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ جموں کشمیردنیا کووہ واحد علاقہ ہے جہاں سب سے بڑی تعداد میں قابض فوجی تعینات ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی گزشتہ 7دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کی جاری تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی اور کشمیری شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں ۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے اوراقوام متحدہ کے جنگی جرائم کے ٹریبونل کو جموں کشمیرمیں قتل عام کے تمام واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی شروع کرنی چاہیے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ایک دن ضروررنگ لائیں گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔