78

تھوراڑ (سٹیٹ ویوز)تھوراڑ میں نمازِ جمعہ کے بعد نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے مسلط کی گئی جارحیت نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی سیاسی و مذہبی قیادت، معصوم شہریوں اور خصوصاً سکولوں کے بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف جاری اسرائیلی و امریکی جارحیت بھی عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔ معصوم فلسطینی بچوں، عورتوں اور شہری آبادی پر مسلسل بمباری اور محاصرہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو اس نازک موقع پر باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔سردار عبدالخالق وصی نے مزید کہا کہ قوم اور عوام پاکستان اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ غضبِ ملحق کی کامیابی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاکستان کی دفاعی افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ یقین دلاتی ہے کہ قومی خودمختاری اور سلامتی کے ہر معرکے میں پاکستان و آزاد جموں وکشمیر کے عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔

ریلی سے دیگر راہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اسرائیل و امریکہ کی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد منظور کی جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں