اسلام آباد :جموں کشمیر ہاؤس میں چئیرمین آزاد جموں کشمیر الیکشن کی جانب سے سیاسی و پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان سے اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں انتخابات کے حوالہ سے سفارشات اور تجاویز مانگی گئیں۔جموں کشمیر لبریشن لیگ کی جانب سے مرکزی صدر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ نے شرکت کی اور پرامن و شفاف انتخابات کیلئے اہم تجاویز دیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے عام انتخابات کو شفاف بنانے اور مہاجرین نشتوں پر اٹھنے والے سوالات کو ختم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مہاجرین کے حلقہ جات میں ووٹرز کی جانچ پڑتال کیلئے باشندہ ریاست سرٹیفیکیٹ (اسٹیٹ سبجیکٹ) کی چھان بین اور تصدیق کے لیے کاروائی عمل میں لائے اور انتخابی فہرستوں کو ازسرِ نو مرتب کرنے کے بعد دوبارہ نئی انتخابی فہرستیں جاری کرے تاکہ جعلی اور فرضی ووٹر کا اخراج کر کے اصلی ووٹرز کا اندراج ممکن ہو سکے اور اس اہم اقدام کیلئے سیاسی جاعتوں کی جانب سے نامزد نمائندوں پر مشتمل کیمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو انتخابی فہرستوں کا ازسرنو جائزہ لے کر درستگی کریں۔
خواجہ منظور قادر نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ کا مطالبہ ہے کہ آمدہ انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کروائے جائیں تاکہ ریاست کا امن و امان قائم رہ سکے اور پرامن انتخابات کا قیام ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وارڈ کی سطح پر انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران اور ملازمین کی خدمات لی جائیں اور کڑی نگرانی میں فہرستیں مرتب کی جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی اور ریاستی انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے ضروری ہے وفاقی سیاستدانوں، وفاقی وزراء، اور وفاقی مشینری کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے وگرنہ آزاد انتخابات کا قیام ناممکن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ الیکشن کمیشن کی جانب سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی اور پاسداری کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لے گی اور امید کرتی ہے کہ باقی جماعتیں بھی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے پرامن اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔