آن لائن گیم کاجنون ، ماں بیٹے کے ہاتھوں لاکھوں روپے گنوا بیٹھی

70

بھارت میں ایک خاتون آن لائن گیمنگ کے جنون میں مبتلا اپنے 16 سالہ بیٹے کے ہاتھوں اپنا بینک خالی کروا بیٹھی۔بھارتی ریاست حیدرآبادکے علاقے عنبرپیٹ کے رہائشی 16 سالہ لڑکے نے موبائل فون پر آن لائن گیمز کے عوض اپنی ماں کا بینک اکاؤنٹ خالی کر دیا جس سے اس خاتون کو تقریباً 36 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

حیدرآباد پولیس کے سائبر کرائم ونگ کے مطابق کہانی اس وقت شروع ہوئی جب لڑکے نے سب سے پہلے اپنے دادا کے موبائل فون پر مشہور فری فائر گیمنگ ایپ ڈاؤن لوڈ کی جو کہ ایک مفت گیم ہے لیکن اسی کے ساتھ ساتھ لڑکے نے کھیل میں آگے بڑھتے ہوئے اس گیم پر کچھ رقم خرچ کرنا شروع کردی۔

اس نے پہلے اپنی والدہ کے اکاؤنٹ سے 15 سو روپے اور پھر 10 ہزار روپے گیم کھیلنے کے لیے خرچ کیے، وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس کھیل کی لت میں مبتلا ہوگیا۔ایک رپورٹ کے مطابق لڑکا اس نشے کی وجہ سے گھر والوں کے علم میں لائے بغیر بھاری رقم خرچ کرنے پر مجبور ہوا۔ وہ فری فائر گیم میں 1.45 لاکھ سے 2 لاکھ روپے کی ادائیگی کرتا رہا۔

بعد میں، جب لڑکے کی ماں کچھ رقم نکالنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف انڈیاگئی تو وہ یہ جان کر دنگ رہ گئی کہ اسکا بینک اکاؤنٹ بالکل خالی ہے۔ بینک حکام نے انہیں بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 27 لاکھ روپے خرچ ہوئے اور یہ واحد بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، حقیقت سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ اس کے بیٹے نے اپنے اکاؤنٹ سے بھی 9 لاکھ روپے کی بھاری رقم خرچ کی ہے۔یاد رہے کہ یہ واقعہ پہلی بار نہیں ہوا اس سے قبل بھی ایک خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں چین سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ لڑکی نے موبائل گیم پر 52 لاکھ روپے خرچ کر کے اپنی ماں کا بینک اکاؤنٹ خالی کر دیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں