اتحادی جماعتوں میں اختلافات ،ن لیگی رہنماء نے بھی باغ اور کراچی میئر الیکشن پر سوالات کھڑے کر دیے

102

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے ہم الیکشن کو ویلکم کرتے ہیں اور بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے لیکن عام انتخابات آزاد کشمیر کے ضمنی الیکشن اور کراچی میں میئر کے الیکشن کی طرح نہیں ہونے چاہئیں۔ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا عدم اعتماد کی تحریک پیپلز پارٹی کی تجویز پر لائی گئی تھی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی تو نئے انتخابات چاہتی تھیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے سوات جلسے میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا ہم الیکشن کو ویلکم کرتے ہیں اور بھر پور طریقے سے الیکشن لڑیں گے، بلاول کا چیلنج ہمیں قبول ہے لیکن عام انتخابات آزاد کشمیر اور میئر کراچی کے الیکشن کی طرح نہیں ہونے چاہئیں، آزاد کشمیر الیکشن پر تحفظات ہیں جبکہ کراچی کے الیکشن پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، الیکشن ایسا ہونا چاہیے جس پر انگلیاں نہ اٹھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا جہاں پر پیپلزپارٹی کی حکومت ہے وہاں الیکشن پر ہمارے اعتراضات موجود ہیں، کراچی کے میئر کے الیکشن پر لوگ سوال اٹھا رہے ہیں، آنے والے الیکشن میں سوالات نہیں اٹھنے چاہئیں، انتخابات صاف شفاف ہونے چاہئیں اور اتحادی جماعتوں کو مل کر ایسا ماحول اور الیکشن کرانا چاہیے جس کی مثال نہ ملتی ہو۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہماری لینڈ سلائیڈ وکٹری ہو گی، حکومت میں اکیلے نہیں ہیں، ہر چیز مشاورت سے ہوتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بجٹ منظور نہ ہونے سے متعلق سوال پر طلال چوہدری کا کہنا تھا بجٹ کابینہ کی منظوری کے بعد پیش کیا جاتا ہے، کمیٹی کو بجٹ پر بریفنگ دی جاتی ہے، ہر جگہ پر پیپلزپارٹی کی مشاورت ہوتی ہے، سیلاب زدگان کے لیے وزیراعظم شہباز شریف زیادہ متحرک نظر آئے ہیں، بجٹ پر ابھی بھی کسی کو اعتراض ہو گا تو وزیراعظم دیکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل ترین اتحادی حکومت شہباز شریف نے بہترین انداز میں چلائی ہے، شہباز شریف نے بہترین معیشت اور اتحادی حکومت کو چلا کر دکھایا ہے، ن لیگ کے ہر شخص کی خواہش ہے کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں۔سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہو گا، ہم چاہتے ہیں مقابلہ ہونا چاہیے لیکن مقابلہ کردار اور پرفارمنس کا ہونا چاہیے، جو کچھ ہو رہا ہے تمام اتحادی جماعتیں شامل ہیں، اسحاق ڈار اکیلے فیصلے نہیں کرتے، کابینہ کو بریفنگ دیتے ہیں۔

حکومت کو کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ سیلاب متاثرین سے کیے وعدے پورے کریں: نفیسہ شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز رکھنا ہمارا پہلا قومی فریضہ ہونا چاہیے، وفاقی حکومت کو کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔
نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا میرے حلقے میں سیلاب سے متاثرہ نیشنل ہائی وے کی بحالی اب تک نہیں ہوئی، ملک میں سیاسی، معاشی، آئینی اور لا اینڈ آرڈر کا بحران ہے۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا بجٹ میں کچھ چیزیں مثبت ہیں لیکن حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہونا چاہیے لیکن حقیقت کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں