کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، پشاور، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک بھر میں آج پھر تیز بارشوں کا امکان ہے۔متعدد اضلاع میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش جاری ہے، مر ی اور گردو نواح میں بارش کاسلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے، شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔
کراچی میں رات گئے سہراب گوٹھ، سپرہائی وے، راشد منہاس روڈ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ہلکی بارش ہوئی، شہر میں آج اور کل کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
حیدرآباد، مٹیاری،ہالہ، نیو سعیدآباد اور ٹنڈومحمدخان میں بھی بارش ہوئی، شہدادپور، ٹنڈو آدم اور گردونواح میں آندھی کےساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقےزیر آب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔بلوچستان میں بارشوں سے بولان ندی میں طغیانی آگئی، پنجرہ پل کے مقام پر قومی شاہراہ زیر آب آگئی اور کوئٹہ سبی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔گلگت بلتستان میں استور، چلاس، بابوسر ٹاپ اور گٹی داس میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی ہے، مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی ہے۔