امبور اسپتال توڑ پھوڑ کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت دیگر کو پولیس نے گرفتار کر لیا

54

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز، بیورورپورٹ)دارلحکومت مظفرآباد کے تھانہ سول سیکرٹریٹ کی کارروائی، ایمز امبور اسپتال توڑ پھوڑ کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم راحیل گلفراز سکنہ بکوٹ ایبٹ آباد کو شریک جرم ملزم سمیت گرفتار کر لیا گیا.

تفصیلات کے مطابق تیرہ اگست کی شام عباس میڈیکل انسٹیٹیوٹ اسپتال امبور مظفرآباد شعبہ یورالوجی میں ایک مریض مسمی گلفراز سکنہ بکوٹ کی وفات ہوئی۔ متوفی کے بیٹے راحیل عباسی نے شعبہ یورالوجی کے ڈاکٹرز پر الزام عائد کیا کہ ان کی عدم دلچسپی اور لاپروائی کی وجہ سے مریض کی موت واقع ہوئی جس کو بنیاد بناتے ہوئے متوفی کے لواحقین نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور شعبہ یورالوجی کے شیشے توڑ دیئے۔

امبور اسپتال کا شعبہ یورالوجی عالمی شہرت یافتہ پروفیسر ڈاکٹر شمیم نے اپنی پنشن کی رقم اور مڈ لینڈ ڈاکٹرز کی معاونت سے تعمیر کیا جس میں 22 بیڈز موجود ہیں۔ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ خالصتاً عطیات پر چلایا جا رہا ہے جسے پورے آزاد کشمیر تک پھیلانا مقصود ہے۔

شعبہ یورالوجی میں توڑپھوڑ پر مقامی سول سوسائٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، اس دوران ملزمان کے خلاف کارروائی میں تاخیر پر شعبہ یورالوجی سے منسلک ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے سوائے ایمرجنسی کے باقی تمام خدمات انجام دینے سے معذرت ظاہر کر دی کیونکہ بقول ڈاکٹرز سیکورٹی کی غیر تسلی بخش صورتحال میں کام کرنا ممکن نہیں۔

اس تمام ہنگام میں SHO تھانہ سول سیکرٹریٹ مظفرآباد راجہ زاھد عمر کی سربراہی میں تھانہ سیکرٹریٹ کی نفری نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو بالآخر گرفتار کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں