راولاکوٹ(ریاض شاہد، سٹیٹ ویوز)وزیر اعظم انوار الحق نے پونچھ دشمنی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے راولاکوٹ، عباسپور اور تھوراڑ حلقے کے منظور شدہ سڑکوں کے درجنوں منصوبے ڈراپ کر دیئے، میرٹ اور گڈ گورننس کے دعویدار وزیر نے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کے دور میں راولاکوٹ کیلئے منظور کیے جانے والے اہم منصوبے جن کے ٹینڈر بھی جاری کر دیئے گئے تھے ان کو سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی فہرست سے نکلوا دیا ہے.
عوام علاقہ پونچھ ، تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی قیادت نے وزیر اعظم انوار الحق کے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف لائحہ عمل اختیار کرنے کیلئے جلد مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا. دوسری طرف جن علاقوں کی سڑکوں کے منصوبے منسوخ کیے گئے، سرکردہ معززین نے منصوبوں کی ان منسوخیوں کے خلاف عدالتوں سے بھی رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ بھی کیا جارہا ہے.
سٹیٹ ویوز کو حاصل ریکارڈ کے مطابق جن منصوبوں کو منسوخ کیا گیا ان میں تھوراڑ ٹو ٹائیں 10 کلو میٹر سڑک کی تعمیر و مرمتی، جالوٹ ٹو پوٹھہ جنڈالہ بنگوئیں 10 کلو میٹر روڈ کی تعمیر و مرمتی، دوارندی ٹو تیتری نوٹ عباسپور کی 6 کلو میٹر سڑک کی تعمیر واپ گریڈیشن ، ہجیرہ مین روڈ سے دہمنی خواجہ محلہ ٹو دریڑ تین کلو میٹر روڈ مرمتی و تعمیر ، تولی پیر کراس سے علی سوجل تک 5 کلو میٹر روڈ کی مرمتی و تعمیر، سملڑی ٹو بگلے پاچھیوٹ ڈیڑھ کلو میٹر روڈ مرمتی و تعمیر، باٹے موڑ محلہ ٹو رہاڑہ سوا کلو میٹر روڈ، بلاڑی عزیز آباد ڈیڑھ کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی ڈراپ کر دیا گیا.
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پونچھ کے جو منصوبے وزیر اعظم کی ہدایت پر ختم کیے گئے ہیں ان میں سے چند کی تفصیلات ابھی سامنے آئی ہیں اور دیگر کئی منصوبوں کی منسوخی کا ریکارڈ ابھی خفیہ رکھا گیا ہے.