باغ : ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ سید افراز گردیزی نےہ اندرون شہر عوامی سہولت کے لیے پارکنگ کی سہولت فراہم کردی

35

باغ(سٹیٹ ویوز) ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ سید افراز گردیزی نے کہا ہے کہ اندرون شہر عوامی سہولت کے لیے پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے. پرانی کچہری اور زمان چوک سے متصل پرائیویٹ جگہ پر تاجر موٹر سائیکل اور گاڑیاں پارک کر سکتے ہیں. ان پارکنگ ایریاز میں سی سی ٹی وی کیمرے اور سیکورٹی کے لیے اہلکار تعینات کیے جائیں گے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ شہر میں کارپوریشن اور پولیس کے اشتراک سے آگاہی مہم کے دوران تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر مجسٹریٹ کاپوریشن سرفراز بیگ, سٹیٹ آفیسر راجہ افراسیاب, انسپکٹر تجاوزات آفتاب خان اور ٹریفک سٹی سارجنٹ اشتیاق خان بھی موجود تھے.

گیاری چوک, جنگلات روڈ, حیدری چوک, مین بازار, زمان چوک ,اولڈ کچہری روڈ, واٹر سپلائی روڈ اور لاری اڈہ روڈ پر تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ مخصوص ایریاز میں پارکنگ کریں کے جبکہ تاجر اپنی دوکانات کا سامان مخصوص کی گئی جگہوں سے باہر نہیں لگائیں گے. تاجروں نے شہر میں ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی.

ڈپٹی میئر نے تاجر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہر کے ماحول اور تجارتی سرگرمیوں کو باہم مل کر ہی بہتر کیا جا سکتا ہے. انھوں نے کہا کہ ریڑھیوں کے لیے بھی سستے بازار کے قریب جگہ مخصوص کی گئی ہے. ٹریفک کے مسائل بننے والی ریڑھیوں کو متبادل جگہ پر شفٹ نہ ہونے کی صورت میں ضبطگی کی کاروائی کی جائے گی.

انھوں نے کہا تاجر اور شہری اس حوالے سے باغ کارپوریشن, انتظامیہ اور پولیس کا تعاون کریں. انھوں نے کہا کہ اس آگاہی مہم کے بعد اگلے مرحلے میں قانونی کاروائی کا مرحلہ شروع ہو گیا. امید ہے زحمت سے بچنے کے لیے اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں