جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر راجہ غلام مجتبٰی ایکشن کمیٹیوں کے فوائد سامنے لے آئے

34

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر راجہ غلام مجتبٰی نے کہا ہے ایکشن کمیٹیوں نے نہ صرف ریاست کے عوام کو ان کے حقوق کے تحفظ کا شعور دیا بلکہ انہوں بنیادی عقائد و نظریاتی تخریب کاری کا بھی سدباب کیا۔

وہ وزیر اعظم آزادکشمیر کی طرف سے جاری شدہ ایک بیان پر اپنا تبصرہ کر رہے تھے۔ راجہ غلام مجتبٰی نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے زائد عرصہ سے جاری عوامی حقوق کی تحریک کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں ریاست کے وسائل اور عوام کے حقوق کو زیر بحث لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے وسائل ریاست کے عوام کا عالمی، علاقائی سطح پر تسلیم شدہ حق ہے اس حق کی بازیابی اور بحالی کیلئے جدوجہد بنیادی نظریات کا تحفظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ تحریک نے ریاست کے قومی عزت و وقار میں اضافہ کیا اور ٹکڑوں میں بٹے ہوئے انسانوں کو ایک قوم بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وسائل پر اختیار مانگنے والے لوگوں کا مطالبہ مکمل طور پر آئینی، قانونی اور اخلاقی مطالبہ ہے جسے الفاظ کے ہیر پھیر یا الزام تراشیوں کے پردوں میں چھپایا نہیں جا سکتا۔ عوام ہوں یا حکمران دونوں کیلئے ضروری ہے کہ ریاستی وسائل پر ریاست کے لوگوں کا حق ملکیت ہو اور ریاست کے وسائل کے استفادہ کا بنیادی فائدہ ریاست کے عوام کو ہو۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ حکومت جتنا جلدی ممکن ہو عوام کے مسائل کو حل کرے کیونکہ عوام کسی طرح کے جھانسے میں نہیں آنے والے۔ راجہ غلام مجتبٰی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹرآف ڈیمانڈ کے پورا ہونے تک پرامن جدوجہد جاری رہے گے اور ہر گزرتے دن اس جدوجہد کا دائرہ کار وسیع ہوتا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں