جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نے بھارتی حکومت اور اسکی عدلیہ کے غیر قانونی فیصلوں کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کر دیا

68

راولپنڈی (سٹیٹ ویوز) جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی چئیرپرسن نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو بھارتی حکومت اور اسکی عدلیہ کے غیر قانونی فیصلوں کا نوٹس لیتے ہوئے جموں کشمیر میں رائے شماری کرانی چاہیے، متنازعہ بھارتی سپریم کورٹ کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق کشمیر کے بارے میں کسی فیصلے کا کوئی احتیار نہیں ہے.

نبیلہ ارشاد نے کہا کہ بھارتی حکومت/پارلیمنٹ کی کشمیر کے خصوصی سٹیٹس کے بارے فیصلہ لینا جس طرح عالمی قوانین کے مغائر ناجائز اقدام تھا اسی طرح بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ ہندوتوا آئیڈیالوجی کے زیر اثرہے اس فیصلے کی وقعت نہ ہی بین القوامی قانون میں ہے اور نہ ہی کشمیری بھارتی کالے قوانین اور کالے فیصلوں کو قبول کرتے ہیں ۔

نبیلہ ارشاد نے کہا کہ کشمیری سات دہائیوں سے جدوجہد آزادی میں سرگرم ہیں اور ہر دور میں بھارت اپنے مذموم مقاصد کو پائہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ظلم و جبر کے نئے نئے طریقے آزماتا رہا ہے اور کشمیری قوم نے ہر دور میں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے آج کے فیصلے نے بھارتی نظام عدل کا پردہ ایک بار پھر سے چاک کیا ہے آج کشمیری قوم کی جدوجہد آزادی ایک نئی جہت پر چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہر میدان میں ناکام ہو چکا، بھارتی ریاست نے کشمیریوں کو مراعات کا جھانسہ بھی دیا، طاقت کا استعمال بھی کیا اور اب اپنی سپریم کورٹ کے ذریعے بھی کشمیریوں پر قابض ہونا چاہتا ہے لیکن لاکھوں جانوں کی قربانی دینے والے بھارت سے آزادی لیکر ہی منزل مقصود ہائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں