بھارت میں جنونی محبت کے دعویدار ایک جوڑے نے احمقانہ حرکت کرتے ہوئے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع گوریلا پیندرا مرواہی میں بوائے فرینڈ سے ناراض بھارتی لڑکی غصے میں آکر 80 فٹ اونچے بجلی کے ٹاور پر چڑھ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی نے ٹاور پر چڑھنے سے قبل بوائے فرینڈ سے کال پر شدید جھگڑا کیا اور پھر ٹاور پر چڑھ گئی، صورتحال اس وقت زیادہ خراب ہوئی جب لڑکی کے پیچھے اس کے بوائے فرینڈ نے بھی یہی احمقانہ حرکت کرتے ہوئے ٹاور پر چڑھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں لڑکی کو ٹاور پر چڑھے جب کہ بوائے فرینڈ کو ٹاور پر چڑھتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کا علم جب گاؤں کے مکینوں کو ہوا تو انھوں نے فوری طور پر پیندرا پولیس کو اطلاع دی، بعد ازاں لڑکی اور لڑکے کے گھروالوں کو بھی اس واقعے سے آگاہ کیا گیا تاہم پولیس کے پہنچنے تک ٹاور کے ارد گرد لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو چکا تھا۔جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد پولیس نے لڑکی اور لڑکے سے نیچے اترنے کیلئے کوشش شروع کی اور تقریباً ایک گھنٹے کی محنت کے بعد لڑکی اور لڑکے کو بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔