دبئی:راولپنڈی میڈیکل کالج کی گولڈن جوبلی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

112

دبئی(سٹاف رپورٹر،سٹیٹ ویوز)راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پرگولڈن جوبلی جشن کے سلسلہ میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔دبئی میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد چیف آرگنائزر و چیف کوآرڈینیٹر راولپنڈی عربیہ مینا چیپٹر ڈاکٹر سید حسنین علی جوہر نے ڈاکٹر عامر رضوان ،ڈاکٹر گلفراز خان، ڈاکٹر جمشید خان، ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈاکٹر فراز اور ٹیم کے ساتھ کیا ۔

تقریب کے مہمان خصوصی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد عمر (ستارہ امتیاز ) تھے۔ پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام، ڈاکٹرز ونگ کے صدر ڈاکٹر ظفر اخوند، صدر راجہ امجد (چنار ونگ)، یو اے ای جرنلسٹ فورم کے صدر طاہر، راجہ اسد، ایس آئی بی ٹی ای عارف، مدثر، حافظ اے رو¿ف ، اشفاق احمد ، خالد محمود، سعدیہ عباسی، پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ظفر معین، صدر راولیان عربیہ قطر ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈاکٹر شفقت، یونی ورسٹیز کے پروفیسرز، پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے ویلفیئر اتاشی اور ویلفیئر آفیسر ، ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلزبھی تقریب میں شریک تھے ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد عمر (ستارہ امتیاز )نے اپنے خطاب میں کہاکہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (ایچ ای سی) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی حالیہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں شامل ہے جوکہ ایک بڑا اعزازہے ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی معیاری طبی تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے جس میں فیکلٹی ممبران ، ڈاکٹرز اور پروفیسرز کاکلیدی کردار ہے ،دبئی میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریب منعقد کرنے پر چیف آرگنائزر و چیف کوآرڈینیٹر راولینز عربیہ مینا(MENA) چیپٹرڈاکٹر سید حسنین علی جوہر و ان کی پوری ٹیم سمیت بین الاقوامی و متحدہ عرب امارات میں معروف میڈیکل ہیلتھ کیئر تنظیموں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

دیگر مقررین میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی ، پروفیسر سید حسنین علی جوہر چیف آرگنائزر ، ڈاکٹر عامر رضوان ، پروفیسر ڈاکٹر ظفر سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ، ڈائریکٹر کیئر کلاوڈ علی شوکت، سید فخر الحسنین شاہ ، زعیم اور دیگر شامل تھے ۔مقررین نے کہاکہ سرکردہ فیکلٹی نے طبی تعلیم میں ایک تسلیم شدہ انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلینس قائم کرنے کے لئے سخت محنت کی۔ آر ایم یو کے سابق طالب علموں نے بھی متعدد قابل قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ یہ آر ایم یو کی معیاری صحت کی دیکھ بھال کی تعلیم فراہم کرنے کے لئے مسلسل لگن اور وژن کا ثبوت ہے ۔

مقررین نے آر ایم یو کی ترقی اور دنیا بھر سے راولین ایلومینس کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آر ایم یو دنیا کی سرفہرست درجہ بندی کی یونیورسٹی ہوگی۔اس موقع پرطبی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کیئر کلاوڈ اور میڈی فیملی پولی کلینک کی خدمات کو گولڈن سپانسرز کا لقب دیاگیا ۔ایونٹ میں آر ایم یو ایلومینی نے طبی شعبے میں شاندار خدمات کے حامل ڈاکٹرز اورہیلتھ پروفیشنلز کو سونیئرز پیش کیے اور میڈلز پہنائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں