تحریر : سردار عامر نعیم( باغ )
گزشتہ دنوں ایک طویل عرصے کے بعد آذادکشمیر کے سب سے خوبصورت اور دلکش سیاحتی مقام وادی نیلم جانے کا موقع ملا،
سابق وزیراعظم آذادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ہمراہ وادی نیلم کا یہ دورہ میری توقعات اور امیدوں سے کہیں بڑھ کر یادگار اور متاثر کن رہا۔نیلم کے قدرتی حسن، طویل قامت درختوں کے جنگلات، قدرتی آبشاریں، دریاے نیلم کی جلالی کیفیت اور پھر گہرا سکوت، تاریخی اور روایتی طرز تعمیر، خوبصورت، بہادر اور جفا کش لوگ، میلوں پر محیط بکروالوں کے ہمیشہ سے رواں دواں محبتوں کے سر بکھیرتے قافلے، قدرتی جھیلوں اور جھرنوں کا مسحور کن انداز الغرض, کارخانہ قدرت کا وہ شاہکار جسے نہ صرف دیکھنے بلکہ اسے محسوس کرنے اور شہروں کی مصروف ترین زندگی سے چند لمحے چھٹکارا حاصل کر کے قدرت کے ان حسین مناظر کو دلوں میں نقش کرنے کے لیے ہزاروں لاکھوں لوگ یہاں پہچتے ہیں۔
ان خوبصورت اور جاذب نظر مناظر کو دیکھ کر جہاں بندہ قدرت کی دلکشی اور رعنائی کا گرویدہ ہو جاتا ہے وہیں پر خالق کائنات کی عظمتوں، رفعتوں، بلندیوں اور اس کی کبریائی اور قدرت کا احساس بھی دل میں ہلچل پیدا کر دیتا ہے۔ایل او سی کے اوپر اپنے جسم و جاں پر بھارتی غاصبانہ قبضے اور تقسیم کے مناظر دل و دماغ میں بھونچال پیدا کر دیتے ہیں، اس وقت اضطراب، بیقراری اور اپنے ہی منقسم بھائیوں سے ملاقات کی آرزو کا الفاظ میں بیاں مشکل ہے۔سابق وزیر اعظم آذادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد یہ پہلا باضابطہ دورہ تھا.دارالحکومت مظفرآباد سے لے کر کیل نیلم تک اور کیل سے لے کر واپس مظفرآباد تک پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین وزراء حکومت اور جیالوں نے جس شان و شوکت سے اپنےمحبوب قائد کا استقبال کیا، انہیں عزت بخشی اور خوش آمدید کہا یقیناً یہ سب میری توقعات سے بہت بڑھ کر ہوا۔
استقبالیہ تقاریب کا آغاز کوہالہ انٹری پوائنٹ سے شروع ہوا پھر برسالہ اور چھتر کلاس سے ہوتے ہوے مظفرآباد شہر میں مختلف مقامات پر باضابطہ پروگرامات کا انعقاد کرتے ہوے جیالوں نے فلک شگاف نعروں سے اپنے قائد کا استقبال کیا۔
مظفرآباد شہر میں مختصر قیام کے بعد نیلم کے لیے روانگی ہوئی چونکہ اگلے دن سابق وزیر حکومت سردار گل خنداں مرحوم کی پہلی برسی میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرنی تھی۔ضلع نیلم کے داخلی دروازے چلہانہ پر وزیر حکومت میاں عبدالوحید کی قیادت میں، ڈسٹرکٹ کونسلرز، کونسلرز اور بڑی تعداد میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار کارکنان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم آذادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا استقبال کیا ۔ پورے دورے کے دوران وزیر حکومت میاں عبدالوحید، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور کارکنان پیپلز پارٹی نے جس شاندار طریقے سے پروگرامات منعقد کرواے اور میزبانی کی اس کی مثال نہیں ملتی۔
شاردہ کی طرف بڑھتے ہوے شام کے ساے گہرے ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں عوام سڑکوں اور بازاروں میں موجود تھی، نوسیری، چلہانہ، باڑیاں، جورا کنڈل شاہی اور اٹھمقام بازار تک الگ الگ پروگرامات میں کارکنان پیپلز پارٹی اور عوام علاقہ نے استقبالیہ پروگرامات کا انعقاد کر کے بھرپور انداز میں قائد کشمیر کا استقبال کیا ، پھول پھینکے اور نعرے بازی کی۔رات کو سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے قافلے نے شاردہ میں قیام کیا اور وزیرحکومت میاں عبدالوحید کی بے مثال میزبانی نے دورے کا مزہ دوبالا کر دیا۔
اگلے دن سردار گل خنداں مرحوم کے آبائی علاقے کیل میں ان کی برسی کے موقع پر سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے بطور مہمان خصوصی بڑے عوامی اجتماع میں شرکت کی اور مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیر حکومت سردار گل خنداں کے فرزندگان ڈاکٹر جہانگیر مغل اور سردار سجاد گل خنداں کے ہمراہ مزار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور پھر خاندان کے لوگوں کے ساتھ ان کے گھر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
کیل میں ہی الفجر کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کیا، بچوں میں نقدی اور تحائف تقسیم کیے اور کرکٹ اکیڈمی کے لیے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا، کیل میں ہی مختلف مقامات پر تعزیتی پروگرامات مین شرکت کی اور سابق امیدوار اسمبلی قاضی اسرائیل کی طرف سے دیے گئے پرتکلف عشائیے میں شامل ہوے اور رات شاردہ میں قیام پزید ہوے۔تیسرے اور آخری دن شاردہ سے واپس مظفرآباد کے لیے روانہ ہوے تو اہلیان نیلم کے جذبات اور احساسات میرے لیے کسی خوشگوار حیرت سے کم نہیں تھے.شاردہ بازار، دودھنیال
، چانگن، کیرن نگدر،دواریاں, لوات خواجہ سیری، لوات بالا اور پھر وہاں سے نگدر کیرن میں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور معروف سماجی کارکن یوسف سعید کے بھرپور اور جاندار شو سمیت دیگر استقبالیہ پروگرامات نے دورے کو چار چاند لگا دیے۔
آخری پروگرام تحصیل پٹہکہ نصیر آباد میں تحصیل بار پٹہکہ کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری کا تھا.پٹہکہ آمد پر وزیرحکومت سردار جاوید ایوب اور کارکنان پیپلز پارٹی اور وکلاء پٹہکہ بار نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا فقید المثال استقبال کیا، جیالوں کا روایتی جوش و خروش اپنے نقطہ عروج پر تھا.حلف برداری کے بعد وکلاء سے خطاب میں تحصیل بار پٹہکہ کی بہتری اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اعلان کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوے بہترین استقبالیہ پروگرام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، بعد میں وزیر حکومت سردار جاوید ایوب کی طرف سے دیے گئے پرتکلف عشائیے میں شرکت کی۔
اس پورے دورے کے دوران جو چیز میرے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی وہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے ساتھ عام عوام کی محبت تھی.ہر طرف پھولوں کی برسات، شاندار آتشبازی، جیوے بھٹو کے فلک شگاف نعرے، ڈھول کی تھاپ پر لوگوں کا بے اختیار رقص، پھولوں کے ہار اور مالے، بینرز اور پوسٹرز سے سجے بازار، پرعزم انقلابی جیالوں کا راج، اور عام عوام کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے لیے محبتوں سے سرشار دل اور فرط جذبات سے چمکتے دھمکتے چہرے الیکشن کی چاند رات جیسا منظر پیش کر رہے تھے، جنت نظیر نیلم کے باسی ہونے کے باوجود بنیادی سہولتوں سے کوسوں دور لوگ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو حقیقی معنوں میں اپنے مسیحا اور رہبر کی شکل میں دیکھ رہے تھے۔
دیکھیں بھی کیوں نہیں ؟؟؟مختصر ترین دور حکومت میں بلدیاتی الیکشن سمیت وہ تمام کارہاے نمایاں جو سیاسی لیڈر شپ پچھلے ستر برس میں نہیں کروا سکی صرف اور صرف سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا کریڈٹ ہے جس نے انہیں بے پناہ عوامی محبت ومقبولیت بخشی ہے جو شاید کسی اور کے حصے میں نہیں آ سکی۔ وزارت عظمی کے منصب سے محروم ہونے کے باوجود اس درجے عوام میں پزیرائی محض سابق وزیراعظم آذادکشمیر کی عوام دوست پالیسیوں اور ان کے انقلابی ویژن کا ثمر ہے جس کے لیے بھمبر سے کیل تک عام عوام آج بھی تشنہ لب ہیں۔انشااللہ نیلم بدلے گا، کشمیر بدلے گا.تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے اس عظیم باب کا آغاز قائد کشمیر سابق وزیر اعظم آذادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں ہو گا جس کے اہلیان کشمیر دہائیوں سے منتظر ہیں۔ بقول شاعر
جا کے یہ کہہ دے کوئی شعلوں سے چنگاری سے
پھول اس بار کھلے ہیں بڑی تیاری سے
مدتوں بعد یوں تبدیل ہوا ہے موسم
جیسے چھٹکارا ملا ہو کسی بیماری سے