شہداء کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا کا مشن ہرصورت جاری رہے گا، سینئر حریت رہنماؤں کایوم شہدائے کشمیر پر پیغام

58

سرینگر۔اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما و چیرپرسن ماس موومنٹ فریدہ بہن جی نے تیرہ جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ جاری جدوجہد اس تحریک کا تسلسل ہے جس کا آغاز 13 جولائی 1931کے عظیم شہدا ء نے کیا تھا شہدا کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا کا مشن ہرصورت جاری رہے گا،یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیعام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ جس طر ح تیرہ جولائی کے شہدا نے تحریک کی مشعل روشن کی اس طرح کشمیری عظیم قربانیاں دے اس مشعل کو روشن کئے ہوئے ہیں ،شہدا کا مشن کسی بھی قیمت پر حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری بہادری، حوصلے اور مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کا لہو شامل ہیں کشمیریو ں نے اس تحریک میں مثالی قربانیاں پیش کی ہیں.

انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے بھارت اپنی فوجی بربریت سے کشمیریوں کی اس تحریک کاراستہ روک نہیں سکتا،بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیریو ں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہدا کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ،حریت رہنما نے کہاکہ کشمیریوں کا قصور صرف یہ ہے کہ و ہ اپنا بنیادی حق کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ ان سے بھارتی حکمرانوں نے عالمی برادری کے سامنے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کررکھا ہے ،بھارت کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس پر اس کا غیر قانونی قبضہ ہے مودی سرکار کے یک طرفہ غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی.

کشمیری خاتون رہنما نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی فوجی مظالم پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب کشمیریو ں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنا موژ کردار ادا کرے۔ فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 13جولائی کو مکمل ہڑتال کریں اور شہداء کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔ علاوہ ازیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء منظور احمد ڈار نے 13جولائی 1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء ہماری تحریک کا اصل اثاثہ ہیں ۔شہداء کی قربانیو ں پر کسی کو بھی سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یوم شہدائے کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کے خون سے سینچی موجودہ تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جدوجہد اس تحریک کا تسلسل ہے جس کا آغاز 13 جولائی 1931کے عظیم شہدا نے کیا تھا اور ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری بہادری، حوصلے اور مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ان شہداء نے ڈوگرہ سامراج کے ظلم سے آزادی اور اللہ کی تکبیر بلند کرتے ہوئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ۔انہوںنے کہاکہ92برس گزرنے کے باوجود ان 22شہدا کی یادیں کشمیری عوام کے دلوں میں آج بھی تازہ ہیں۔

پوری کشمیری قوم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی تاریخ شہادتوں کی بے مثال اور انمٹ داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 13جولائی کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے کیونکہ اس دن سے شروع ہونے والے قربانیوں کا تسلسل آج بھی جاری ہے حریت رہنماء نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 13جولائی کو مکمل ہڑتال کریں اور آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اورانہیںخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں اور سیمینارز منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب کشمیری اپنے مشن میں کامیاب ہوکر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کریں گے ۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں