قائدحزب اختلاف قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد نےسول سوسائٹی کے نوجوانوں‌ ،عوامی ایکشن کمیٹی اور وکلاء پر ایف آئی آرپر حکومت کو آئینہ دکھا دیا

52

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز)قائدحزب اختلاف قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انجمن تاجران کے چیرمین شوکت نواز میر، بلدیاتی کونسلرز، سول سوسائٹی کے نوجوان اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں جس میں وکلاء بھی شامل ہیں پر FIR درج کرانا ایک شرمناک عمل ہے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی اور دیگر لوگ بجلی کے بلات میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاج کررہے ہیں جس پر FIR دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ مظفرآباد، ہجیرہ، باغ، راولاکوٹ اور دیگر شہروں میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج پر پرچے قابل مذمت ہیں۔

خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم آزادکشمیر سے کہا کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھیں اور اس معاملے کو سلجھائیں۔ انکے نادان مشیر انکو غلط مشورے دے کر عوام کے ساتھ تصادم کی راہ پر لا رہے ہیں۔ مظفرآباد شہر میں گذشتہ رات پولیس کے چھاپوں کی اطلاع ھہے۔ جس میں پولیس نے صدر انجمن تاجران شوکت نواز میر اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کے گھروں پر چھاپہ مار کر انکو گرفتار کرنے کی کوشش کی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

اس کے علاوہ لوہر پلیٹ میں بھی پولیس کی بھاری نفری کے گشت کرنے کی بھی اطلاع ملی۔ پولیس کو خبردار کرتا ہوں کہ کسی بھی ایسی مہم جوئی سے باز رہے جس سے حالات مزید خراب ہوں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بارہا الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت آزاد کشمیر کو کہا ہے کہ اسمبلی کا اجلاس بلائے تا کہ عوام کے ان مسائل کو اسمبلی فلور پر اٹھایا جائے اور انکا حل نکالا جائے مگر کوئی شنوائی نہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر اس صورتحال کا نوٹس لیں، ایسے معاملات عوام پر پرچے کاٹنے سے حل نہ ہوں گے۔ حکومتی اتحاد میں شامل ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ممبران اسمبلی اور مرکزی قائدین اس معاملے میں اپنا رول پلے کریں۔اپوزیشن جماعت تحریک انصاف بار بار حکومت کو زور دے رہی ھے کہ اس معاملے کو فوری حل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں