متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے ضرورت مند خاندانوں‌میں کروڑوں روپے کا خشک راشن تقسیم کر دیا

76

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) متحدہ عرب امارات کے رفاہی ادارے شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے رواں سال پاکستان اور آزاد کشمیر کے 8ہزار سے زائدغریب،نادار،اور مستحق خاندانوں میں 11کروڑ روپے سے زائد مالیت کا خشک راشن تقسیم کر دیا۔خدمت انسانی کے لیے سرگرم عمل تنظیم نے ون بلین میل پراجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر 13570خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کرنے کا ہدف مقر رکر رکھا ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد میں مستحق اور ضرورت مند خاندانوں میں خشک راشن کی تقسیم کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

جس میں متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے لیے سفیر حمد عبید ابراہیم الزعابی نے بطور خاص شرکت کی۔انھوں نے اس موقع پر اپنے ہاتھوں سے غریب عوام میں فوڈ پیکج تقسیم کیے۔ اور انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو دنیا اور آخرت کی کامیابی اور عظیم ترین انسانی فریضہ قرار دیا۔انکا کہنا تھا کہ معاشرے کے محروم طبقات کا ہم پر خصوصی حق ہے جسے ادا کرنے کی ہم سب کو کوشش کرنی چاہیئے۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت،عوام اور بطور خاص رفاعی ادارے دنیا بھر میں غربت،جہالت،پسماندگی اورافلاس کے خلاف اپنا بھرپور اور مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔سفید پوش طبقے کی ضروریات کا انھیں بخوبی ادارک ہے جو کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے ایسے لوگوں تک پہنچ کر انکی عزت نفس کو مجروع کیے بغیر انکی دہلیز تک ضروریات زندگی کو بہم پہچانا عظمت انسانی کی غمازی کرتا ہے۔

تمام صاحب ثروت اور صاحب استطاعت لوگوں کو اپنے قرب و جوار میں موجود غریب اور مستحق افراد کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔یہی اشرف المخلوقات ہونے کی دلیل ہے کہ ہم دوسروں کے درد کو محسوس کر کے اس کے مداوا کرنے کی کوشش کریں۔اس موقع پر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم پاکستان اور آزاد کشمیر کے انچارج نصراللہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ عوام کی دیرینہ ضروریات کے پیش نظر اس پروگرام کی افادیت اور اہمیت پہلے سے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ہماری کوشش ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے غریب اور مستحق افراد تک کھانے پینے سمیت دیگر ضروریات زندگی بہم پہنچائی جائیں۔

جو معذور اور بزرگ نادار افراد ہمارے پروگرام میں کسی وجہ سے شرکت نہ کر سکیں تو ہم خود انکے گھروں میں پہنچ کر یہ فوڈ پیکج ان تک عزت اور احترام کے ساتھ پہنچاتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد،ہٹیاں بالا،باغ،اور راولاکوٹ سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اب تک 8ہزار سے زائد خاندانوں میں 11کروڑ روپے سے زائد مالیت کا خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے اور مذید 5570ضرورت مند اور نادار خاندانوں میں خصوصی فوڈ پیکج کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔انکا کہنا تھا کہ فوڈ پیکج میں چاول،دال،چینی،کوکنگ آئل اور چائے کی پتی جیسے لازمی آئیٹم شامل کیے گئے ہیں اور اس میں معیار کو بہرصورت یقینی بنایا گیا ہے۔اس موقع پر غریب اور نادار افراد نے انکا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں