متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی تراڑکھل کنونشن کے لیے یو کے پی این پی کی زونل قیادت نے تیاریاں مکمل کر لیں

44

تراڑکھل (سٹیٹ ویوز)متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی تراڑکھل کا کنونشن مورخہ 09 ستمبر 2023 کو منعقد کیا جائے گا، کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، پارٹی کارکنان کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ان خیالات کا اظہار یو کے پی این پی کی زونل جنرل سیکرٹری تانیہ خان، سردار فاروق، سجاد انقلابی، سردار مشتاق، افریز شاہین، سردار الطاف، شکیل عامر اور دیگر نے اجلاس سے گفتگو میں کیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ متحدہ کشمیر پی این پی اپنے مرکزی کنونشن کی جانب بڑھ رہی ہے اور اس سے قبل تمام تر جمہوری روایات کو پورا کرتے ہوئے پارٹی کے ضلعی و لوکل کنونشن مکمل کیے جا رہے ہیں۔ پارٹی جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ بلٹ کی طاقت سے ہی آگے آنے والی قیادت عوامی نمائندگی کی اہل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پورے آزاد کشمیر میں لوگ اپنے بنیادی حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔ گزشتہ روز دارالحکومت مظفرآباد میں عوام نے تاریخ ساز احتجاج ریکارڈ کروا کر یہ ثابت کیا ہے کہ عوام اب اپنے حقوق سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

مظفرآباد کے بعد اب پونچھ اور میرپور ڈویژن میں بھی ہڑتال اور پہیہ جام ہو گا اور وہ وقت زیادہ دور نہیں رہا جب حکمران طبقہ کو عوام کی طاقت کے سامنے اپنا سر نگوں کرنا پڑے گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے قائد سردار شوکت علی کشمیری کی ساری زندگی ذلتوں کے مارے بچارے عوام کے حقوق کیلئے عبارت ہے، ہم انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی حقوق اور حق آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ بے شمار مصائب و مشکلات کے باوجود آخری فتح ہماری ہی ہو گی۔ رہنماؤں نے تراڑکھل میں پارٹی کارکنوں کو ہدایات کیں کہ وہ کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ ایک بار پھر ثابت ہو سکے کہ یو کے پی این پی ہی گراس روٹ لیول پر عوام کی بہترین نمائندہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں