ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ؛ سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کو جوڈیشل ایکٹیوم قرار دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کردیا

63

راولاکوٹ(پ۔ر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ کا ہنگامی اجلاس زیرصدارت صدر ڈسٹرکٹ بار سردار خالدمحمود ایڈووکیٹ منعقد ہوا، اجلاس میں تمام عہدے داران سمیت ممبران ایگزیکٹیو نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں 13فروری 2023سے لے کر آج تک کے جملہ معاملات زیرغور لائے گئے۔ اجلاس میں آزادکشمیر اور پاکستان کی ہائیر جوڈیشری کا آئین و قانون کی بالادستی و فیصلہ جات کو بھی زیرغور لایاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوامی حلقوں میں جوڈیشری کے راوں سال فیصلہ جات وطرز عمل کو عدم اطمینان کی نظر سے دیکھاجارہا ہے۔ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ Judicial Activismکا شکار رہی اور مصلحت کی بناء پر سیاسی فیصلے کیے۔ اسی طرح آزادکشمیر میں بھی بعض فیصلہ جات میں Judicial Activsimکا مظاہرہ کیاگیا۔ اور ایسے فیصلے کیے گئے جن سے اعلیٰ عدلیہ پر انگلیاں اٹھیں جو قابل ستائش بات نہ ہے۔

عدلیہ کا بنیادی مقصد آئین و قانون کی بالادستی اور عام عوام کا فوری انصاف فراہم کرنا ہوتا ہے جبکہ ادارے ان مقاصد سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ عدلیہ، انتظامیہ اور حکومت کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے نہ کہ حدود قیود کو پھلانگتے ہوئے کسی کو Victimise کیاجائے جیسا کہ رواں سال ایک سابق وزیراعظم Judicial Activsimکا شکار ہوئے۔ وزیراعظم عوامی منتخب نمائندہ ہوتاہے جو ہر 5سال بعد اپنے آپ کو عوام کی عدالت میں احتساب کے لیے پیش کرتا ہے۔ کسی شخص کو بغیر حق دفاع دیے یک جنبش قلم ایک ہی پیشی پر فارغ کردینا انصاف کے سنہری اصولوں کے مغائر ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ اور اعلیٰ عدلیہ کے درمیان آئین کی بالادستی ار وکلاء کی فلاح و بہبود سمیت جوڈیشل کمپلیکس راولاکوٹ کے متعلق انتظامی امور اور سائلین کی سہولت کی غرض سے گزارشات رکھی تھیں جن کو اعلیٰ عدلیہ نے جائز و درست تسلیم کرتے ہوئے عملی اقدام کرنے کی یقین دہانی کروائی جو ہنوز پورا نہ ہوسکیں۔ جس سے عیاں ہوتا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ وکلاء برادری کے مسائل کے حوالے سے سنجیدہ نہ ہے۔

وکلاء نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران وکلاء کے منتخب ہیں، وکلاء کی فلاح و بہبود، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کو فوری و سستا انصاف فراہم کرنے کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہیں، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ بھرپور طریقہ سے اپنا کردار ادا کرے گی۔ ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن بہت جلد وکلاء کا نفرنس بعنوانی ”ریاستی اداروں کے حدود و قیود اور ان کی ذمہ داریاں“ منعقد کرے گی جس میں آزادکشمیر کے تمام وکلاء تنظمیں و سیاسی و سماجی قیادت کو مدعو کیاجائے گا۔ اور آئیندہ کے لیے متفقہ اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔

اجلاس میں صدر بار ایسوسی ایشن پونچھ سردارخالد محمود ایڈووکیٹ کے علاوہ نائب صدر سردارریاض خان، سردار اطیب ارشاد، سردار خضراشرف، سردارعبید، امروز شاہین، عبدالصمد، لبابہ بابر ایڈووکیٹس و دیگران نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی کاروائی جنرل سیکرٹری سرداربلال شکیل ایڈووکیٹ نے سرانجام دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں