جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کردی۔جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق گزشتہ روز ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے تین بجے تک سوگ رہے گا ، تین بجے کے بعد شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہڑتال ختم تصور ہوگی ۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں جس کے بعد اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں ہے ، دارالحکومت سے قافلے واپس گھروں کو روانہ ہونے لگے۔واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج کامیاب ہوگیا ، وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کو 23 ارب روپے کا خصوصی مالیاتی پیکیج دیدیا گیا، حکومت آزاد کشمیر یہ رقم آٹے اور بجلی کی سبسڈی پر خرچ کرے گی۔
یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 11 مئی کو بجلی کے بلوں میں کمی ، آٹے پر سبسڈی دینے سمیت دیگر مطالبات کےحق میں مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ اور آزاد کشمیر اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔