آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی خواتین رہنمائوں کو بھارتی عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزا اہل کشمیر کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے: سید صلاح الدین احمد

115

مظفر آباد (سٹیٹ ویوز)بدنام زمانہ بھارتی عدالت کا فیصلہ مسترد، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر مبنی استصواب رائے کا مطالبہ کرنے والی تینوں مظلوم بیٹیوں کو سزا دینا عدل و انصاف کا قتل ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور امیر حزب المجاہدین سید صلاح الدین احمد نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بھارتی عدالت کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسيہ اندرابی اور اس تنظیم سے وابستہ دو اور رہنماؤں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو ناکردہ جرم کی پاداش میں سنائی جانے والی سزانہ صرف کشمیری عوام کیساتھ بڑا ظلم اور ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بلکہ یہ عالمی انسانی حقوق تنظیموں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ تینوں خواتین رہنما مظلوم و محکوم کشمیری عوام کی عظیم بیٹیاں ہیں۔ پوری کشمیری قوم ان کی بے مثال جدوجہد، استقامت اور ہمالائی عزم پر فخر کرتی ہے۔ ان کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق کشمیری عوام کے استصواب رائے کے حق کا پرامن مطالبہ کر رہی ہیں۔ ہندوتوا بھارتی عدالت کے جج نے ان تینوں خواتین کو جو سزا سنائی ہے، وہ نہ صرف انصاف کا قتل ہے بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری۔بھارتی ظلم و جبر کی ایک اور مثال بھی ہے۔بھارت کی جانب سے کشمیری خواتین رہنماؤں کے خلاف یہ جابرانہ کارروائی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔ تینوں خواتین رہنما پہلے ہی مختلف جسمانی عوارض میں مبتلا ہیں اور انھیں تاحیات یا تیس تیس برس سزا دینے کا مطلب ہے کہ عملاََ بھارتی عدلیہ بھی انسانی حقوق کو سمجھنے اور ان پر عمل کروانے کے بجائے ،سرکاری دہشت گردی کا ہی پشتیبان ادارہ ہے اور اس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔

سید صلاح الدین احمد نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، بالخصوص ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ، ہیومن رائٹس واچ اور تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی عدالت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف آواز اٹھائیں، اسے مسترد کریں اور بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام پر جاری ظلم و جبر فوراً ختم کرے۔انھوں نے حکومت پاکستان سے بھی پر زور اور درمندانہ اپیل کی کہ وہ اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف سفارتی، سیاسی اور قانونی سطح پر مسلسل اور بغیر کسی وقفے کے مہم چلائیں۔ پاکستان کی قیادت کشمیری قوم کی ان بیٹیوں کو انصاف دلانے میں کلیدی اور فعال کردار ادا کرے ۔اجلاس کے اختتام پر متحدہ جہاد کونسل نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی حکومت کو مجبور کرے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم ، گرفتار کشمیری رہنماؤں کو رہا اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق، کشمیری عوام کی مرضی سے حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ اہل کشمیر بھی آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں، جو ہر انسان کا بنیادی حق ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں