اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) آ زاد جموں و کشمیر میں آئندہ سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔بورڈامیدواروں کے انتخاب، انتخابی حکمت عملی، رابطہ کاری اور انتخابی مہم کی نگرانی جیسے اہم امور انجام دے گا۔اس عمل میں نظریاتی وابستگی ، میرٹ، نظم و ضبط اور اصولی سیاست کو ترجیح دی جائے گی جسے عوامی اور سیاسی حلقوں میں مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے سراہا جا رہا ہے۔
پارلیمانی بورڈ کی سربراہی سردار عبدالقیوم نیازی کو سونپی گئی ہےجبکہ دیگر اراکین میں خواجہ فاروق احمد، چوہدری حمید پوتھی، چوہدری ظفر انور، میر عتیق الرحمان، محمد اقبال، میاں محمد شفیق، سردار نئیر ایوب، غلام محی الدین دیوان، حافظ حمید رضا اور امیر نذیر چوہدری شامل ہیں۔ یہ بورڈ آزاد کشمیر میں پارٹی کی انتخابی سمت کا تعین کرنے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ آئندہ انتخابات عمران خان کے ویژن اور نعرے “کشمیر کے فیصلے کشمیر میں” کے تحت لڑے جائیں گے.
جس کا مقصد مقامی سطح پر فیصلہ سازی کو فروغ دینا اور عوامی رائے کو اولیت دینا ہے۔ اس حوالے سے پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے۔صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کارکنان پر زور دیا کہ وہ متحد اور منظم ہو کر انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد امیدواروں سے درخواستیں وصول کرنے اور انٹرویوز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جبکہ ٹکٹوں کی تقسیم میں نظریاتی، متحرک اور مخلص کارکنان کو ترجیح دی جائے گی، خاص طور پر وہ افراد جو ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندرلوٹا کریسی کا خاتمہ کیا جائے گا اور وفادار کارکنان کو ہی آگے لایا جائے گا تاکہ ایک مضبوط، منظم اور نظریاتی سیاسی قوت کے طور پر پارٹی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے بعد پارٹی کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہونے والے کارکنان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ، کسی لوٹے کو واپس لیا جائے گا نہ ہی نظریہ عمران پر سمجھوتہ کیا جائے گا ، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اتفاق و اتحاد سے آگے بڑھا جائے ، اتحاد ہی کامیابی کی پہلی سہڑھی ثابت ہو گا۔