اشتیاق احمد قریشی انسانی حقوق کے ایوارڈ کے لیے نامزد،ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر خدمات کا اعتراف

72

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی مرکزی تنظیم نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ممتاز سماجی و انسانی حقوق کے رہنما اشتیاق احمد قریشی کو انسانی حقوق ایوارڈ 2025 کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ یہ نامزدگی اُن کی طویل جدوجہد، مستقل مزاجی اور دبے کچلے طبقات کے حقوق کے لیے غیر معمولی کوششوں کا بھرپور اعتراف ہے۔

اشتیاق احمد قریشی، جو ہیومن رائٹس کونسل آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں، نے گزشتہ کئی برسوں میں نہ صرف آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے انتہائی موثر آواز اٹھائی بلکہ فلسطین میں جاری انسانی المیے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ اُن کی جانب سے قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اٹھائی گئی آواز کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے۔

تنظیمی ذرائع کے مطابق، اس ایوارڈ کے لیے اشتیاق قریشی کا انتخاب اُن کی اصولی جدوجہد، متاثرہ طبقات تک بروقت رسائی، اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اُن کے غیر معمولی کردار کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے ہمیشہ ظلم، ناانصافی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بے خوف ہو کر بات کی اور اس حوالے سے متعدد عملی اقدامات بھی کیے۔

ایوارڈ کی یہ نامزدگی خطۂ پونچھ خصوصاً راولاکوٹ اور پورے آزاد کشمیر کے لیے باعثِ اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔ مقامی سماجی حلقوں نے اسے علاقے کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف اشتیاق قریشی کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ آزاد کشمیر کے ان تمام کارکنان کی محنت کا اعتراف بھی ہے جو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے میدانِ عمل میں سرگرم ہیں۔

علاقے کی مختلف شخصیات، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں نے بھی اشتیاق احمد قریشی کو اس عظیم اعزاز کے لیے نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے۔ایوارڈ کی باضابطہ تقریب انسانی حقوق کے عالمی دن پر منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں