اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،سٹیٹ ویوز)جموں کشمیر لبریشن لیگ کا اہم اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں آزاد جموں کشمیر میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور معاملات پر اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کی صدارت جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی صدر خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ نے کی اور باہمی مشاورت سے اہم فیصلے کیے گئے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات خلیق الرحمٰن سیفی ایڈووکیٹ نے میڈیا کو جاری کردہ پریس ریلیز کے ذریعہ اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں کی تفصیل اور روداد جاری کر دی۔آزاد جموں کشمیر میں 11 مئی کو عوامی ایکشن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے جانب سے دی گئی عوامی حقوق کی احتجاجی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پوری ریاست میں موجود جموں کشمیر لبریشن لیگ کے کارکنان اور ذمہ داران اپنے اپنے علاقے میں عوامی حقوق کیلئے طلب کیے گئے احتجاج کا حصہ بنیں اور اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کریں۔
اجلاس میں عوامی احتجاجی تحریک کے ذمہ داران سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ تمام شرکاء اور احتجاج کے محرکین ہر قسم کے تشدد سے مکمل گریز کریں اور امنِ عامہ کو یقینی بنائیں۔ قائدین لبریشن لیگ نے کہا کہ ہم پرامن، آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر عوامی حقوق کے مطالبہ کیلئے احتجاج پر یقین رکھتے ہیں۔

لبریشن لیگ کے قائدین نے اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر اور انتظامیہ ریاستی جبر کے ذریعہ سے پرامن احتجاج کو ختم کرنے کی ہر گز کوشش نہ کرے بلکہ عوام آواز کو ریاستی بالادستی کا ذریعہ جانتے ہوئے عوامی مطالبات کو تسلیم کر کے بنیادی اور عوامی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
لبریشن لیگ کے ہنگامی اور غیرمعمولی نوعیت کے اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ آزاد حکومت احتجاج سے نمٹنے کیلئے کسی بھی صورت پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فورسز کو آزاد جموں کشمیر میں استعمال نہ کرے اور اس بارے میں کیے گئے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔
قیادت نے کارکنان لبریشن لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ جماعت سے وابسطہ تمام کارکنان اور ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں جماعت کے دستور اور آئین کی روشنی میں نبھائیں اور کسی بھی قسم کے مبہم اور ذومعنیٰ بیانات ہر گز جاری نہ کریں کہ جس سے جماعت کا دستور اور آئین متاثر ہو۔
صدر جماعت نے اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد کارکنان سے کہا کہ مجلس عاملہ کے گذشتہ اجلاس میں تنظیم سازی سے متعلق کیے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور سختی سے فیصلوں کی پاسداری کریں۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لبریشن لیگ کی تمام ضلعی تنظیموں کے عہدیداران کی دستخط شدہ فہرست معہ شناختی کارڈ کی نقول کے پندرہ دن کے اندر مرکزی سیکرٹری جنرل تک پہچانے کا اہتمام کریں۔
مرکزی کابینہ کے مشترکہ اجلاس میں تمام قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست کی وحدت کو برقرار رکھنے، ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے، آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے اور باشندگان ریاست جموں کشمیر کے بنیادی اور مسلمہ حق، حقِ خودارادیت اور استصوابِ رائے کیلئے جموں کشمیر لبریشن لیگ ہر سطح پر اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گی اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ نظریہ خورشید کی ترویج اور مشنِ خورشید کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں صدر جماعت خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ کے علاوہ مرکزی سینئیر نائب صدر راجہ نیاز احمد راٹھور ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری جنرل دلاور خان ایڈووکیٹ، مرکزی نائب صدر سراج الدین کرمانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات خلیق الرحمٰن سیفی ایڈووکیٹ، چئیرمین تادیبی بورڈ خواجہ منظور ظفر ایڈووکیٹ، چئیرمین مہاجرین و بحالیاتی بورڈ امیر الدین کرمانی، مرکزی چئیرمین یوتھ بورڈ احسن لیاقت، چئیرمین ضلع حویلی سمیر احمد صدیقی، جنرل سیکرٹری ضلع حویلی ڈاکٹر عطاء اللہ دینپوری، چئیرمین یوتھ بورڈ ضلع کوٹلی صہیب سلیمان، محبوب لون اور بیرسٹر یاسر احمد راٹھور شامل تھے۔