حویلی کہوٹہ میں ایس سی او کی ناقص سروس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے انٹرنیٹ اور موبائل سروس مکمل ناکام ہو چکی ہے حکومت فوری نوٹس لے

62

حویلی کہوٹہ ( راجہ محمود راٹھور سے)ڈسٹرکٹ حویلی آزاد جموں و کشمیر میں ایس سی او موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی اجارہ داری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایس سی او کی ناقص پالیسیوں اور غیر معیاری سروس کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔عوامی شکایات کے مطابق ایس سی او کے نام نہاد ماہانہ پیکجز محض 10 سے 15 دن میں ہی ختم ہو جاتے ہیں، جبکہ مکمل رقم وصول کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ فراہم کیے جانے والے پیکجز پر بھی غیر معمولی کٹوتی کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے صارفین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ حویلی میں انٹرنیٹ سروس تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ پیکجز خریدنے کے باوجود انٹرنیٹ کام نہیں کرتا، جس کے باعث طلبہ کی آن لائن تعلیم، کاروباری افراد کے معاملات اور عوام کی روزمرہ ضروریات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایس سی او کی اس اجارہ داری کے باعث صارفین کے پاس کوئی متبادل سروس موجود نہیں، جس کی وجہ سے وہ مجبوری کے عالم میں ناقص سروس استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے ایس سی او انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ شکایات کے باوجود نہ تو سروس بہتر کی جا رہی ہے اور نہ ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ حویلی کے مختلف علاقوں میں عوام سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایس سی او کی پالیسیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، پیکجز کو شفاف بنایا جائے اور معیاری موبائل و انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے۔عوام، طلبہ اور کاروباری طبقے نے حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس سی او کی ناقص کارکردگی اور اجارہ داری کا سختی سے نوٹس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں