خواجہ طارق سعید کا وزیراعظم فیصل راٹھور کے خلاف انتخابات لڑنے کا فیصلہ، “میری عوام ہی میرا ٹکٹ” ہر صورت الیکشن لڑوں گا

142

خورشید آباد (بیورو رپورٹ) ممبر کشمیر کونسل و سابق امیدوار اسمبلی خواجہ طارق سعید نے خورشید آباد جلسہ میں حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے خلاف انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا۔ عید ملن تقریب کے موقع پر ہونے والا یہ اجتماع اچانک ہزاروں افراد کے ایک بڑے سیاسی شو میں بدل گیا، جہاں خواجہ طارق سعید نے نہایت جارحانہ اور دبنگ انداز میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ہر صورت انتخابی میدان میں اتریں گے اور کسی پارٹی ٹکٹ کے محتاج نہیں۔ تقریب میں حلقہ بھر سے کارکنوں اور حامیوں کی غیرمعمولی تعداد کی شرکت نے اسے طاقت کے بھرپور مظاہرے میں بدل دیا اور یوں حویلی کہوٹہ کی سیاست میں ایک نئی لہر پیدا ہو گئی۔ خطاب کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید نے کہا کہ پارٹی صدر کو انتخابات لڑنے بارے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کر رکھا ہے، “میری عوام ہی میرا ٹکٹ ہے” اور وہ عوامی طاقت کے بل بوتے پر اپنے مخالفین کا مقابلہ کروں گا۔

انہوں نے اپنی ہی جماعت کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حویلی کہوٹہ آج بھی بنیادی مسائل کا گڑھ ہے۔ یہاں ایل او سی پر واقع ضلع بھر میں ایک لاکھ سے زائد آبادی کے مسائل، تعلیم، صحت، انٹرنیٹ سہولیات کی غیر معیاری سروس، مہنگائی، اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے عوام کی زندگیوں کو دگرگوں کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ حکومت صرف وعدوں اور اعلانات تک محدود رہ گئی ہے اور حقیقی ترقی اور سہولیات کی فراہمی میں شدید کمی ہے۔ خواجہ طارق سعید نے علاقے کے سیاحت کے فروغ، تعمیر و ترقی کے امکانات اور مقامی وسائل کے بہتر استعمال پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلخصوص خورشید آباد اور بلعموم حویلی کہوٹہ قدرتی خوبصورتی اور تاریخی ورثے کے لحاظ سے بے پناہ پوٹینشل رکھتے ہیں، لیکن اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے سیاسی قیادت کی سنجیدہ توجہ اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منتخب ہوتے ہی مقامی انفراسٹرکچر، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور انٹرنیٹ و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ خطاب کے دوران خواجہ طارق سعید نے رفاقت گجر قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے خود کو عوام کا خادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے ہیں اور کامیابی کے بعد علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے تمام قبائل کو یکساں عزت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کارکنوں کو بھرپور انتخابی تیاریوں کی ہدایت بھی جاری کی۔ تقریب میں مختلف قبائل سے تعلق رکھنے آلے سرکردہ رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں