رنگلہ (راجہ عثمان سلیمان )رنگلہ مولاچھ کٹکیر روڈ پر احتجاجی دھرنا کامیاب، انتظامیہ کا 10 اپریل سے تعمیراتی کام شروع کرنے کا اعلان برنگلہ مولاچھ کٹکیر روڈ کی خستہ حالی کے خلاف شمالی رنگلہ مولاچھ کے مقام پر عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر ہونے والا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ باغ نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ سڑک کی تعمیر اور پیچ ورک کا کام 10 اپریل سے باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق علاقے کے عوام عرصہ دراز سے رنگلہ سے کٹکیر جانے والی سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھے۔ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے نہ صرف آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی تھیں بلکہ تعلیمی، تجارتی اور روزمرہ کے معاملات بھی متاثر ہو رہے تھے۔ اسی مسئلے کے حل کے لیے عوامی ایکشن کمیٹی نے احتجاجی دھرنے کا انعقاد کیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاج میں عوامی ایکشن کمیٹی کے نوجوانوں کے علاوہ مختلف سیاسی اور سماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور عوامی مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ غربی باغ کے امیدوار اسمبلی راجہ خالد محمود، حلقہ کھاوڑہ کے امیدوار اسمبلی راجہ منصور خان، وائس چیئرمین ضلع باغ راجہ فہیم فاروق، ممبر ضلع کونسل چڑالہ جاوید عارف عباسی، وائس چئرمین ضلع کونسل مظفرآباد راجہ ناصر لطیف،سابق امیدوار ممبر ضلع کونسل چوہدری ذوالقرنین ،صدر مسلم لیگ (ن) یونین کونسل رنگلہ راجہ اعجاز نذیر، نائب امیر جماعت اسلامی غربی باغ راجہ فاروق ایوب، تحریک انصاف کے رہنما راجہ وقار نذیر، رہنما تحریک انصاف راجہ محمد علی خان ،راجہ عاقب سفیر ایًڈوکیٹ ،امیر جماعت اسلامی رنگلہ تاج افسر ،سابق امیدوار لوکل کونسل راجہ طاہر عزیز ،سابق امیدوار لوکل کونسل کٹکیر راجہ رئیس خان ،سابق امیدوار لوکل کونسل رنگلہ راجہ عاطف رشید ،حاجی جاوید،راجہ شعب عارف راجہ افاق امتیاز اور ایکشن کمیٹی کے نمائندگان راجہ کامران بشیر، راجہ رجب، راجہ مبین صابر،ڈاکٹر راجہ رضوان ،راجہ اسد علی ،راجہ ذیشان ، تنسیم اشرف ،راجہ شاہد ۔راجہ وقاص سہراب ،حافظ یاسین سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ رنگلہ مولاچھ کٹکیر روڈ کی تعمیر علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور عوام کو سڑک جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عملی اقدامات کیے جائیں۔
احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے 10 اپریل سے تعمیراتی کام شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے وقتی طور پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تاہم مظاہرین اور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر 10 اپریل تک سڑک کی تعمیر کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور اس بار احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
ع لاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے مقررہ تاریخ پر کام کا آغاز یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔اس موقع پر ایکشن کمیٹی سول سوسائٹی و سیاسی رہنماوں نے کٹکیر رحیم کوٹ مولاچھ کے مرد وخواتین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بھی مشکلات کاسامنا کرکے اپنے حقوق کی جنگ لڑنے میں اپنا حصہ لیا ۔حکمران اپنا قبلہ درست کریں عوام کو مجبور نا کریں وہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں ۔اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے