رنگلہ میں سڑک کی خستہ حالی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، رنگلہ۔رحیم کوٹ شاہراہ بند، فوری تعمیر کا مطالبہ

192

رنگلہ (نمائندہ خصوصی) رنگلہ، مولاچھ کٹکیر روڈ کی عدم تعمیر اور خستہ حالی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی اور مقامی سیاسی و سماجی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں رنگلہ۔رحیم کوٹ شاہراہ کو شمالی رنگلہ کے مقام پر مکمل طور پر بند کر دیا جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد لوگ اپنی ملازمتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں کی طرف واپس جا رہے ہیں جبکہ کئی خاندان عید اپنے پیاروں کے ساتھ گزارنے کے بعد واپسی کے سفر پر ہیں۔ سڑک کی بندش کی وجہ سے مسافر گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں اور بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ اہم شاہراہ تین اضلاع کو آپس میں ملاتی ہے، مگر رنگلہ سے کٹکیر تک تقریباً تین کلو میٹر کا علاقہ جو ضلع باغ کی حدود میں آتا ہے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اس غفلت کی وجہ سے شمالی رنگلہ، جاگیر کٹکیر، رحیم کوٹ اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقررین نے کہا کہ سڑک اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے اور اس کی خراب حالت کے باعث متعدد ٹریفک حادثات رونما ہو چکے ہیں.

جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ معمولی بارش کے بعد سڑک پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے جبکہ برفباری کے دوران کئی کئی دن تک ٹریفک معطل رہتی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور اس اہم شاہراہ کی فوری تعمیر نو کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مواصلات کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

مقررین نے کہا کہ ایم ایل اے حلقہ غربی باغ اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو اس مسئلے کے حوالے سے متعدد بار آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔احتجاجی دھرنے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے نوجوان رہنماؤں راجہ کامران بشیر، راجہ رجب خان، راجہ اسد علی اور دیگر نے متحرک کردار ادا کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں سابق امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ راجہ منصور خان، وائس چیئرمین ضلع باغ راجہ فہیم فاروق، صدر مسلم لیگ (ن) یو سی رنگلہ راجہ اعجاز نذیر، ڈسٹرکٹ کونسلر و رہنما جماعت اسلامی دہیرکوٹ جاوید عارف عباسی، راجہ وقار نذیر، راجہ محمد علی، نائب امیر جماعت اسلامی راجہ فاروق ایوب خان، سابق امیدوار اسمبلی راجہ جمیل مختیار، راجہ طاہر عزیز، چوہدری ذوالقرنین، راجہ شعیب عارف، راجہ تنسیم اشرف، راجہ اسد علی، راجہ اویس خالد راجہ رضوان اور دیگر شامل تھے۔

مقررین نے متنبہ کیا کہ اگر سڑک کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ آخری اطلاعات تک احتجاجی دھرنا جاری ہے اور مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔مظاہرین نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور رنگلہ۔کٹکیر روڈ کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں