ریاست جموں کشمیر کے عوام بھارت کے ناجائز فوجی قبضے کیخلاف مزاحمت جاری رکھیں گے.چیئرمین پاسبان حریت

72

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز ) ریاست جموں کشمیر کے عوام بھارت کے ناجائز فوجی قبضے کیخلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔ مملکتِ خداد پاکستان کے عوام کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کی جدو جہد میں ایک چٹان کی طرح کھڑے ہیں ۔ پاسبان حریت جموں کشمیر میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہیکہ کشمیری عوام گزشتہ چہتر برسوں سے بھارت کے بدترین فوجی قبضے سے ریاست کی آزادی ، حق خودارادیت اور قومی وقار کی جدو جہد کررہے ہیں۔

بھارتی سامراج نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کا مطالبہ کرنے والے کشمیری پر تاریخ کے شرمناک مظالم ڈھائے ہیں انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ ریاست کے عوام ریاست کی وحدت و شناخت عوامی آزادی کیلئے تاریخ کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مملکتِ خداد پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ ، پائیدار اور مستقل حل کیلئے مکمل تائید و حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے.

انہوں نے پاکستان اور آزاد جموں کشمیر کے ان ہزاروں عظیم المرتبت شہدائے کرام کو خراج عقیدت پیش کیا جو مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلئے ہندوستان کے ظالم سامراج کیخلاف مزاحمت کرتے ہوئے شہادت کے منصب پر فائز ہوگئے۔ عزیر احمد غزالی نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے ان بزرگوں ، ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی ہمت و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا ہے.

جن کے بیٹ اور بھائی مقبوضہ ریاست کی آزادی کے لیئے قربان ہوگئے ۔ انہوں نے مملکتِ خداد پاکستان اور ریاست جموں کشمیر کے مابین تاریخی اسلامی ، نظریاتی اور فکری رشتوں کو ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائیوں سے گہرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلئے سیہ پلائی ہوئی دیوار بن کر بھارت کے فوجی جبر اور چانکیائی سازشوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنے وعدوں اور قراردادوں کے مطابق حل نکالنے کیلئے کردار ادا کرے ۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیری عوام بھارتی جبرو استبداد سے آزادی تک اپنی جدو جہد کو جاری رکھیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں