غربی باغ: عوامی دست و بازو کے رہنما راجہ سلمان نسیم نے کہا ہے کہ سال 2026 غربی باغ میں حقیقی تبدیلی کا سال ثابت ہوگا اور عوام روایتی سیاست کو مسترد کر کے تعمیر و ترقی کے ویژن کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے ساجد عباسی کو علاقے میں ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ساجد عباسی نے ذاتی وسائل سے تین برسوں میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے، جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
راجہ سلمان نسیم کا کہنا تھا کہ ساجد عباسی نے اپنی ذاتی کاوشوں سے وہ منصوبے مکمل کیے جو سابقہ ادوار میں ممکن نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے غربی باغ کی سیاست مخصوص گروہ کے گرد گھومتی رہی، جہاں عوامی مسائل کے حل کے بجائے اقرباء پروری کو ترجیح دی گئی۔ ان کے مطابق اب وقت آ چکا ہے کہ عوام “پھتر کے دور” کو مسترد کر کے عملی خدمت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی بات کر رہی ہے، مگر غربی باغ کے بعض علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ اگر کوئی شخص بیمار ہو جائے تو اسے کئی کلومیٹر دور کندھوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے، جو لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2026 کے انتخابات میں عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ استحصالی سیاست کو ووٹ دیتے ہیں یا تعمیر و ترقی کے نئے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔
راجہ سلمان نسیم نے مزید کہا کہ چمیاٹی میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث عناصر کا عوامی خدمت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ ذاتی مفادات کے اسیر ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دی کہ اگر وہ واقعی تبدیلی چاہتی ہیں تو ساجد عباسی کا ساتھ دیں اور غربی باغ کو پسماندگی سے نکالنے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 2026 کا انتخابی میدان کارکردگی، ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کی بنیاد پر سجے گا، اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مثبت تبدیلی کا راستہ ہموار کریں گے۔