اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،سٹیت ویوز)صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے عدت کیس میں قائد پاکستان عمران خان اور بشرا بی بی کی بریت کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا اور کہا کہ عمران خان امت مسلمہ کے عظیم لیڈر ہیں ان کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کیلئے بوگس اور گٹھیا ترین کیسز بنائے گئے۔
عمران خان نے عوامی اور قانونی عدالتوں میں مخالفین کو عبرت ناک شکست دی ۔ عمران خان ہر محاذ پر سرخرو ہو گئے۔ حکومت عمران خان کو فوری رہا کرے اور بدترین سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرے۔ عمران خان کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہونے جا رہے ہیں۔ ملک عمران خان کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔
قوم کو مبارک ہو سچ ایک بار پھر سرخرو ہوا ہے۔صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ بشری بی بی نے جس ہمت اور بہادری سے اس غیر اخلاقی، گھٹیا اور گرے ہوئے لوگوں، جملوں اور مقدمات کا سامنا کیا ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔ پوری قوم بشری بی بی کو سلام کرتی ہے.
وہ عمران خان کی طاقت بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدت کیس تاریخ کا سیاہ ترین کیس ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ کیس بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے اور عبرت پکڑنی چاہیے۔ سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کیلئے دو سال کے دوران ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے ۔ پی ٹی آئی قائدین ۔ خواتین اور کارکنان کو بوگس کیسز میں پابند سلاسل کیا گیا اور ٹارچر کیا گیا۔
کاروبار تباہ کیے گئے لیکن پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ طاقت بن کر ابھری ۔ سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز ختم کیے جائیں ، کارکنان و خواتین کو بھی رہا کیا جائے اور پارٹی کو تمام بنیادی حقوق مہیا کیے جائیں ۔ پی ٹی آئی کا مشکل وقت ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی و خوشحالی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ۔ سیاسی استحکام کیلئے پی ٹی آئی کے خلاف انتقام کے دروازے بند کیے جائیں اور ملک پر رحم کیا جائے ۔ ملک مزید سیاسی عدم استحکام برداشت نہیں کر سکتا۔