عوامی دست و بازو کو الیکشن کی شام کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا ؟سردار سرمد خان نائب صدر یوتھ ونگ مسلم کانفرنس کی پیشن گوئی سامنے آگئی

86

دھیرکوٹ (سٹیٹ ویوز)الیکشن کی شام ،عوامی دست و بازو،بے دست و پا ہو جائے گی۔درہم کی بیل پر رقص کرنے والے باہم دست و گریباں ہوں گے۔غربی باغ کوئی عام انتخابی حلقہ نہیں بلکہ مجاہدِ اوّل سردار محمد عبدالقیوم خان کی نظریاتی نشست ہے، جہاں ووٹ خریدے نہیں جا سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں وقتی نعروں، سیاسی اچھل کود اور نو آموز تجربات کی کوئی گنجائش نہیں۔ان خیالات کا اظہار سردار سرمد خان نائب صدر یوتھ ونگ مسلم کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں کہا انہوں نے مزید کہا کہ

سیاسی حلقوں اور زمینی حقائق کے مطابق مسلم کانفرنس اس حلقے میں دس ہزار سے زائد ووٹوں کی واضح برتری کے ساتھ میدان مارنے جا رہی ہے۔ سنجیدہ سیاسی فکر، مضبوط تنظیم اور عوامی اعتماد نے ایک بار پھر مسلم کانفرنس کو فیصلہ کن پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے۔

ادھر خود کو متبادل کہنے والے نو آموز سیاسی دوست تاحال انتخابی سیاست کے رموز سیکھنے کے مرحلے میں ہیں، جن کے لیے ابھی کئی انتخابات درکار ہوں گے تاکہ وہ عوامی اعتماد کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہو سکیں۔

سردار عتیق احمد خان ایک بار پھر ناقابلِ شکست دکھائی دے رہے ہیں۔ عوامی رابطہ مہم، سیاسی پختگی اور ماضی کی کارکردگی نے انہیں ایک مضبوط امیدوار بنا دیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق غربی باغ کے باشعور عوام انہیں بھاری مینڈیٹ کے ساتھ ساتویں مرتبہ قانون ساز اسمبلی تک پہنچانے کے لیے پُرعزم نظر آتے ہیں۔

یوں لگتا ہے کہ الیکشن کا یہ معرکہ نہ صرف مسلم کانفرنس کی فتح کا اعلان ہو گا بلکہ وقتی سیاست کرنے والوں کے لیے ایک واضح پیغام بھی ثابت ہو گا کہ غربی باغ میں سیاست خدمت، نظریہ اور تسلسل مانگتی ہےمحض شور نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں