مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)وزیر ماحولیات، کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نبیلہ ایوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مادری زبانوں کے فروغ کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ آزاد کشمیر کے دستور کے آرٹیکل 24 کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں مادری زبانوں اور ادب کا فروغ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس ضمن میں آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار 14 اپریل کو حکومتی سرپرستی میں پہاڑی ڈے منایا جائے گا۔ 5 مئی کو گوجری ڈے، 10 جون کو کنڈل شاہی زبان کا دن، 21 فروری کو مادری زبانوں کا عالمی دن اور کشمیری زبان کا دن منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے آفیسران سے میٹنگ میں کیا۔ ڈائریکٹر اکیڈمی ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے وزیر حکومت کو اکیڈمی کی پراگرس پر بریف کیا۔ وزیر حکومت نے کہا کہ زبان، ادب، ثقافت اور آرٹ کا فروغ اور ترویج ضروری ہے۔ مادری زبانوں کے ساتھ ہماری ثقافت منسلک ہے ان زبانوں کو فروغ دیا جانا ضروری ہے۔ ہمارا لوک ادب بھی ختم ہو رہا ہے.
جس کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بولی جانے والی دیگر زبانوں جن میں شینا، پشتو اور ڈوگری شامل ہیں ان کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔محترمہ نبیلہ ایوب خان نے کہا کہ آج پاکستان کو اللہ پاک نے جو مقام دیا ہے جس طرح بین الاقوامی پذیرائی مل رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم جہاں سجدہ شکر بجا لائیں وہاں اور لگن سے اپنے اپنے شعبہ میں محنت کریں۔
ہماری ضرورت اتحاد و اتفاق اور معاشی و سیاسی استحکام ہے۔ وزیر حکومت نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان کی کامیابی نے پاکستان کو دنیا کی قوموں میں فیصلہ کن کردار دیا ہے۔ آج پاکستان دنیا میں امن کے لیے ضمانت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کا رشتہ نہ ٹوٹنے والا اور لازوال ہے جو کبھی کمزور نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کا حل کروائے۔