ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ میں طالبات کے اعزاز میں کتاب رونمائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ھوئے وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ کمال نے انگلش ڈیپارٹمنٹ کی طالبات کائنات مغل اور فاطمہ بتول کو کتاب لکھنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا آج کا دن ہماری یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک یادگار اور قابلِ فخر دن ہے۔ کیونکہ ہم یہاں اپنی باصلاحیت طالبات کی کتاب کی رونمائی کی تقریب میں جمع ہوئے ہیں۔
یہ صرف ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی نہیں بلکہ علم، محنت، تخلیقی صلاحیت اور عزم کی فتح کی تقریب ہے۔کتاب لکھنا محض الفاظ کو صفحات پر منتقل کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ سوچ، مشاہدے، تحقیق اور احساسات کو ایک منظم اور بامعنی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ہنر ہے۔ ہماری طالبات نے جس ہمت، لگن اور سنجیدگی کے ساتھ اس علمی و ادبی سفر کو شروع کیا ہے وہ نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے .
بلکہ ہماری جامعہ کے لیے بھی باعثِ اعزاز ہے۔ویمن یونیورسٹی کے قیام کا مقصد یہی تھا کہ خواتین کو ایسا علمی و ادبی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کریں بلکہ تحقیق، تخلیق اور قیادت کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوا سکیں الحمداللہ ہمارا ادارہ اسی راستے پر گامزن ہے آج کی یہ تقریب اس وژن کی عملی تعبیر ہے۔ ہماری طالبات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر مواقعے اور رہنمائی میسر ہو تو خواتین کسی بھی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔
میں خاص طور پر ان اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے طالبات کی رہنمائی کی ان کی تحریروں کو نکھارا اور انہیں تحقیق و تصنیف کے تقاضوں سے روشناس کرایا۔ اسی طرح میں والدین کو بھی مبارکباد دیتی ہوں جن کی حوصلہ افزائی اور دعاؤں نے ان بیٹیوں کو اس مقام تک پہنچایا۔انھوں نے کہا یہ کتاب آپ کی منزل نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
آج آپ مصنفہ ہیں، کل آپ محققہ، دانشور، پالیسی ساز اور معاشرے کی رہنما بھی بن سکتی ہیں قلم کی طاقت بہت بڑی طاقت ہے۔ آپ کا لکھا ہوا ایک جملہ سوچ بدل سکتا ہے ایک مضمون ذہنوں کو روشن کر سکتا ہے اور ایک کتاب معاشرے میں ایک بڑی مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم علم کو صرف ڈگری تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے کردار، عمل اور خدمتِ خلق کے ساتھ جوڑیں۔
مجھے یقین ہے کہ ہماری طالبات اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کریں گی، مثبت اقدار کو فروغ دیں گی اور ایک باشعور اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گی۔وائس چانسلر نے اس کامیاب کاوش پر تمام طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اللہ تعالیٰ آپ سب کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور آپ کے علم و قلم کو قوم و ملت کے لیے فائدہ مند بنائے.
ڈاکٹر انیلہ کمال نے تمام معزز مہمانوں کا تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا. تقریب سے پروفیسر عبدالحق،پروفیسر راجا محمد شفیق، پروفیسر ریاض گردیزی شہباز گردیزی،رجسٹرار ڈاکٹر مشتاق اور ڈاکٹر ارشد ہیڈ آف انگلش ڈیپارٹمنٹ نے خطاب کیا اس کے علاوہ تقریب میں صدر پریس کلب باغ سردار اکمل عارف، ڈینز، پرنسپل آفیسران ،فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی. پروگرام کے اختتام پر پروفیسر عبدالحق اور پروفیسر راجا محمد شفیق نے وائس چانسلر کو اپنی اپنی تصانیف کا تحفہ دیا.