کراچی (سٹیٹ ویوز)پاکستان کی موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان نے قومی سلامتی، استحکام اور دفاع کے حوالے سے انتہائی ذمہ دارانہ اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود ریاستی اداروں کی ہم آہنگی اور بروقت فیصلوں نے قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا ہے۔ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور دفاع وطن کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق نائب صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سندھ زون سردار شہزاد افسر نے ایک اخباری بیان میں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت، دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں اور داخلی امن کے قیام میں سیکیورٹی اداروں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نےوزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود قومی معیشت کی بہتری، عوامی ریلیف اور سفارتی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔
ان کی قیادت میں حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد اقدامات کیے ہیں جو قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے بالخصوص حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے رمضان ریلیف پیکیج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں یہ اقدام عوام کے لیے بڑا سہارا ثابت ہوگا۔ مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی اور مالی معاونت فراہم کرنا حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے اس اقدام پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی پروگرام جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے حالیہ معاشی، سماجی اور ترقیاتی اقدامات ملک کو استحکام کی طرف لے جا رہے ہیں اور سرمایہ کاری و روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ قومی سلامتی اور عوامی فلاح کے معاملے پر حکومت اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ حکمتِ عملی قابلِ ستائش ہے۔