اسلام اباد( سٹیٹ ویوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سردار زاہد تبسم اور سیکرٹری مالیات اعجاز خان نے ملاقات کی۔اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار شاہ کاظمی بھی موجود تھے ۔
ملاقات میں آزاد کشمیر میں اخبارات کو درپیش مسائل، ریاستی میڈیا کی صورتحال، سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ریاستی میڈیا کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں.
آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے جملہ مسائل فوری طور پر حل کرینگے حکومت میڈیا کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی میڈیا ہاؤس کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اخبارات اور صحافی ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا.وزیر اعظم نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے ارکان ہمارے بھائی ہیں.
ان کے کئی مطالبات پہلے ہی حل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے حکومت مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھی ہماری ہے اور اس میں بسنے والے عوام بھی ہمارے ہیں، عوامی مسائل کا حل حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کس حد تک حل کیے گئے ہیں، اس کا جائزہ میڈیا خود لے سکتا ہے۔ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا کو حقائق تک مکمل رسائی حاصل ہے۔ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سردار زاہد تبسم نے میڈیا کے مسائل پر توجہ دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔