چوہدری عبد الرحمن کی جانب سے ممتاز فلاحی ادارے کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور کورٹ ٹیم کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ

37

کوٹلی (ظفر اقبال قریشی سے) صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برائے برطانیہ و ممبر خصوصی کمیٹی برائے سیاسی امور آزاد کشمیر چوہدری عبد الرحمن کی جانب سے ممتاز فلاحی ادارے کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور کورٹ ٹیم کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا جس میں فلاحی، سماجی اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اس موقع پر خوشگوار ماحول میں تفصیلی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا اور ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا .

چیئرمین کورٹ چوہدری محمد اختر نے شاندار میزبانی پر چوہدری عبد الرحمن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے بھرپور اور مسلسل تعاون کی بدولت کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ نے نہ صرف برن سنٹر کو مکمل کیا بلکہ اسے جدید سہولیات سے آراستہ کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ایک مؤثر ادارہ بنایا ہے جبکہ میرپور میں اربوں روپے کی لاگت سے ایک بڑا اور جدید ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے جس کا مقصد خطے کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنا ہے اور یہ منصوبہ آئندہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا .

انہوں نے کہا کہ کورٹ کی پوری ٹیم دن رات انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کی محبت اور اعتماد ہی اس ادارے کی اصل طاقت ہے چوہدری عبد الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کورٹ اور ان کی ٹیم کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ نے عملی طور پر اس سوچ کو حقیقت میں بدل کر دکھایا ہے انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی جس انداز میں اپنے وطن کے لوگوں کے لیے وسائل فراہم کر رہی ہے.

وہ قابل فخر ہے اور اس جذبے کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ صحت اور فلاح کے مزید منصوبے مکمل ہو سکیں اس موقع پر شرکاء نے بھی ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلاحی منصوبوں کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا اور خطے میں صحت و فلاح کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں