چیئرپرسن جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد کی سربراہ تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی سے ملاقات

92

اسلام آباد: چیئرپرسن جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی (JKDP) ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد نے سربراہ تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف جناب محمود خان اچکزئی سے اپوزیشن چیمبر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئین کی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد نے جناب محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب ان کی مستقل مزاج جمہوری جدوجہد، اصولی سیاست اور مؤثر حکمتِ عملی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار اور انہیں قائدِ حزبِ اختلاف کی ذمہ داری سونپنا ان کی سیاسی بصیرت اور جدوجہد پر اعتماد کا مظہر ہے۔

یہ ذمہ داری قومی سطح پر جمہوری قوتوں کی مؤثر نمائندگی کا تقاضا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی عوام کی بڑی اکثریت کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور عوامی اعتماد کا تقاضا ہے کہ آئین کی بالادستی اور شفاف جمہوری عمل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد نے 8 فروری کی کامیاب عوامی کال کو جمہوری بیداری کی علامت قرار دیتے ہوئے مبارکباد دی اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہر آئینی، جمہوری اور عوامی اقدام میں مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

جناب محمود خان اچکزئی نے ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ان کی سیاسی و جمہوری خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جلد دورۂ کشمیر کی دعوت قبول کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری قوتیں باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے آئینی استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد کردار ادا کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں