جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایرانی عوام سے آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر رہنمائوں کی شہادت پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، اور ان کی شہادت کو ایران و پورے مسلم امہ کیلئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا، “سید علی خامنہ ای کی شہادت کے نتیجے میں کشمیری عوام نے ایک عظیم دوست، مضبوط حامی اور تحریک آزادی کشمیر کے قومی مقصد کے حصول کیلئے اچھے وکیل کو کھو دیا ہے۔
“انہوں نے کہا کہ خامنہ ای ایک مضبوط آواز تھے جو مظلوموں کی حمایت کرتے تھے اور مقبوضہ جموں وکشمیر و فلسطین کے سچے دوست تھے۔ “اس شدید غم کے وقت کشمیری عوام ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی اور ایرانی قوم کیساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں”، ترجمان نے اپنے پیغام میں کہا، “اللہ تعالی ایرانی قوم کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کیلئے صبر اور حوصلہ دے۔ترجمان نے اس کیساتھ ہی میزائل حملوں میں انسانی جانوں کے زیاں اور سینئر فوجی حکام کی شہادت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون کسی ریاست کو ایک خودمختار ملک کے خلاف جارحیت کرنے یا اس کے سربراہ کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے مزید کہا”ایسی جارحانہ کارروائیاں، جو نام نہاد سکیورٹی خطرے کے بہانے کی جاتی ہیں، عالمی امن کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بنیں گی۔