ریجنل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن سید ظہیر گردیزی کی سٹیج پر موجودگی میں ریڈ فاؤنڈیشن اسکول ملوٹ کی سالانہ رزلٹ تقریب کا نہایت شاندار انعقاد

116

ملوٹ(سٹیٹ ویوز)ریڈ فاؤنڈیشن اسکول ملوٹ میں سالانہ والہانہ رزلٹ تقریب نہایت شاندار، منظم اور پروفیشنل انداز میں منعقد ہوئی جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، والدین، کمیونٹی عمائدین، عوامِ علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنڈال میں شرکاء کا ایسا جمِ غفیر امڈ آیا کہ تل دھرنے کو جگہ نہ رہی، جو ادارے پر عوامی اعتماد اور محبت کا واضح ثبوت تھا۔ اس باوقار تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ضلع کونسل پروفیسر آصف خان تھے جبکہ صدارت پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول ریڈ فاؤنڈیشن ملوٹ راجہ عبد القدیر خان نے کی۔ ریجنل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن سید ظہیر گردیزی نے خصوصی شرکت کی.

جبکہ ٹیلنٹ پروموٹر گروپ پاکستان کے چیئرمین راجہ محمود خان سمیت معززینِ علاقہ کی کثیر تعداد اسٹیج پر موجود تھی۔تقریب کے پہلے حصے میں بچوں کے رنگارنگ اور بامقصد پروگرام پیش کیے گئے جن میں نعتیہ و حمدیہ کلام، عارفانہ کلام، ملی نغمے، ٹیبلوز، خاکے، قوالی، ڈرامے، مذہبی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار پر مبنی مناظر، مزاحیہ خبریں، پیروڈی اور شاعری شامل تھیں۔ بچوں کی دل سوز اور پُراثر پیشکشوں نے شرکاء کے دل موہ لیے اور حاضرین نے بھرپور توجہ اور اطمینان کے ساتھ تمام پروگرام سنے۔ دور دراز علاقوں سے آئے مرد، خواتین اور بچوں نے ان پروگراموں سے خوب لطف اٹھایا اور ادارے کی انتظامیہ کو شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

پروگرام کے دوسرے حصے میں معزز مہمانوں نے بچوں کی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے ریڈ فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اپنے خیالات میں اس امر پر زور دیا کہ ضلع باغ میں اس نوعیت کا تاریخی اور منفرد پروگرام ریڈ فاؤنڈیشن ملوٹ کی پیشہ ورانہ قابلیت اور تعلیمی وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ادارہ تعلیمی میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔تقریب کے تیسرے اور آخری حصے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز، شیلڈز، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ شاندار نتائج دینے پر جملہ اسٹاف ممبران کو تعریفی اور اعترافی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

عوامِ علاقہ اور معزز مہمانوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز، شیلڈز اور نقد رقوم بھی تقسیم کیں۔ مجموعی طور پر ریڈ فاؤنڈیشن اسکول ملوٹ کی یہ سالانہ والہانہ رزلٹ تقریب ہر اعتبار سے اور اعتماد رکھتے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں