فاروڈ کہوٹہ:وزیر اعظم آزادکشمیر نے محدود مدت کے دوران ریاست میں سیاسی نظام کی بحالی کو پیپلز پارٹی سمیت سیاسی جماعتوں‌کی کامیابی قرار دے دیا

84

فاروڈ کہوٹہ (سٹیٹ ویوز) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے صرف 60 دن کے اندر ریاست میں سیاسی نظام کو بحال کر دیا ہے یہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی کامیابی ہے ،اس سیاسی نظام کے ذریعے ہی ہمارے نوجوانوں کا مستقبل ہے ،حویلی آنے سے پہلے یہاں کے لئے دانش سکول کا اعلان کروایا جس کا معیار پاکستان کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے ایچیسن کے برابر ہے ،اعلانات نہیں کام پر یقین رکھتا ہوں ،فاروڈ کہوٹہ کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان ،بوائز ڈگری کالج کہوٹہ کو چوہدری محمد عزیز کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان ،کہوٹہ بازار میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا اعلان ،سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے کا اعلان ۔

کہوٹہ تا حاجی پیر روڈ کا اعلان ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ان خیالات کا اظہار فاروڈ کہوٹہ میں بڑے استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات ،مذہبی امور و اوقاف چوہدری محمد رفیق نیر ،سابق ممبر اسمبلی مسعود ممتاز راٹھور اور مبشر منیر اعوان کے علاؤہ پیپلز پارٹی حویلی کے صدر شیخ خورشید سمیت پارٹی کی جملہ قیادت موجود تھی ۔اس سے پہلے جب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا قافلہ جب فاروڈ کہوٹہ پہنچا تو عوام کے جم غفیر نے ان کا والہانہ استقبال کیا ،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فضاء جئیے بھٹو ،جئیے بے نظیر ،جئیے زرداری ،جئیے بلاول ،جئے فریال تالپور اور جیے فیصل کے نعروں سے گونج اٹھی ۔وزیراعظم نے کہا کہ نامصائب حالات میں مشکل حالات میں سیاسی نظام کو بحال کیا اور سیاسی بے چینی کو ختم کیا انشاءاللہ ریاست کے ہر مسئلے کو حل کر کے آپ کو دکھائیں گے.

ڈھائی سال مخلوط حکومت میں رہے جس دوران اعلانات نہیں کئے بلکہ عملدرآمد کر کے دکھایا ،حویلی جیالوں اور بہادروں کی سرزمین ہے ایک او سی پر واقع اس ضلع کے لوگ اپنی پاک فوج سے بے حد محبت کرتے ہیں ،پاک فوج نے معرکہ حق میں جس طرح بزدل دشمن بھارت کو شکست فاش دی اس پر ہر کشمیری کا سر فخر سے بلند ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف ٹریلر ہے انشاءاللہ 2026 کے انتخابات میں چییرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں بھاری اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔وزیر اطلاعات ،مذہبی امور و اوقاف چوہدری محمد رفیق نیر نے کہا حویلی جیالوں کی دھرتی ہے ،مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دلوں کے حکمران سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور کے ساتھ بھی کام کر نے کا موقع ملا اور آپ کے محبوب قائد کے ساتھ بھی محو سفر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کے نظریات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں انشاءاللہ 2026 میں بھاری اکثریت سے حکومت بنائیں گے ۔انہوں نے پرتپاک استقبال پر اہلیان حویلی کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں فیصل ممتاز راٹھور کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں کہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ 2026 کا انتخاب جیت چکے ہیں ۔مبشر منیر اعوان نے کہا کہ اہلیان حویلی مہمان نواز لوگ ہیں آج آپ کی مہمان نوازی اور محبت دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا ،فیصل ممتاز راٹھور خوش قسمت ہیں جن کے پاس اس قدر محبت کرنے والے لوگ ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں