کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد نہ صرف ہماری خارجہ پالیسی، بلکہ ہمارے قومی بیانیے کا مستقل حصہ ہے.وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر

180

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز)وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر چوہدری رفیق نئیر نے کہا کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد نہ صرف ہماری خارجہ پالیسی، بلکہ ہمارے قومی بیانیے کا مستقل حصہ ہے۔ کشمیر کا مسئلہ محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، حقِ خودارادیت اور بین الاقوامی انصاف کا امتحان ہے۔

آج کے ڈیجیٹل اور گلوبلائزڈ دور میں اطلاعات، میڈیا اور بیانیہ سازی کی اہمیت غیر معمولی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ بدقسمتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کے ساتھ ساتھ سچ کی آواز کو دبانے کے لیے منظم اطلاعاتی پابندیاں، میڈیا بلیک آؤٹ اور صحافیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف عالمی صحافتی اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوریت کے دعوؤں پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

ہم حقائق پر مبنی بیانیے، ذمہ دار صحافت اور بین الاقوامی میڈیا انگیجمنٹ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کو زندہ اور مؤثر انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے۔ یومِ یکجہتیٔ کشمیر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ہی تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ آج دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور آزاد کشمیر کے عوام، اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا پیدائشی حق،حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں