آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بانیٔ پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی

137

کراچی (سٹیٹ ویوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بانیٔ پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم کی مزارِ قائد آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم رہنما، مدبر سیاستدان اور اصولوں کی عملی تصویر تھے۔

ان کی دیانت، عزم، بصیرت اور جدوجہد کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ کا تصورِ پاکستان آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں ان کے فرمودات—اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم،پر عمل کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت قائداعظمؒ کے افکار و نظریات کی روشنی میں عوامی فلاح و بہبود، گڈ گورننس اور میرٹ کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ قائداعظمؒ کے خوابوں کا پاکستان بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر موسٹ سینیر وزیر میاں عبدالوحید بھی ان کے ہمراہ تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں