آزاد کشمیر: ضلع سدھنوتی میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ، ریٹائرڈ فوجی سمیت دو افراد شدید زخمی

184

اسلام آباد (ذیشان گردیزی)آزاد جموں و کشمیر کے ضلع سدھنوتی، تھانہ منگ کی حدود میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں عادی اور پیشہ ور ملزم رخسار نے اپنے بھائی اور اہلِ خانہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 40 سال تک پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ اہلکار پرویز اختر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے، جنہیں دل کے قریب گولی لگی ہے۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

حملہ آور کی فائرنگ سے پرویز اختر کی بیٹی نازیہ کوثر بھی زخمی ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے اہلِ خانہ کو نشانہ بناتے ہوئے خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔

واقعے کے دوران ملزم کے ساتھ موجود خواتین نے لوہے کی سلاخوں سے زخمیوں کی بھابھی پر شدید تشدد بھی کیا، جبکہ اسلحہ کے زور پر زخمیوں کو اسپتال لے جانے سے روکا گیا۔ اطلاعات کے مطابق زخمی افراد تقریباً آدھے گھنٹے تک تڑپتے رہے، تاہم پڑوسیوں نے جان خطرے میں ڈال کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ملزمان نے فائرنگ کے بعد متاثرہ خاندان کے گھر اور مرغیوں کے پنجرے کو بھی آگ لگا دی، جس سے مزید نقصان ہوا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کو قتل اور اغوا کی سنگین دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

متاثرہ خاندان کے مطابق ملزم رخسار ایک عادی مجرم ہے اور علاقے میں منشیات فروشی میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم کے خلاف منشیات فروشی اور قتل سمیت آٹھ سے زائد مقدمات درج ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاندان نے آئی جی آزاد کشمیر اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور جان و مال کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں