اہل کشمیرکیساتھ اظہار یکجہتی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

155

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ڈی ایف پی نے کشمیری عوام کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی پر اہل پاکستان اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، جو گزشہ تین دہائیوں سے 5 فروری کو ‘یوم یکجہتی کشمیر’ کے طور پر مناتے ہیں۔

ڈی ایف پی کے قائم مقام صدر اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنونیر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں اس دن کو پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان ایک دائمی رشتہ کی علامت قرار دیا۔

“پاکستان کے عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کشمیری عوام کیساتھ ان کی وابستگی اور ان کے جائز مقصد کے حصول کیلئے عزم کا واضح عکاس ہے”، انہوں نے کشمیری عوام کی جاری جدوجہد کو ایک جائز اور مقامی برپا کردہ تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود ارادیت کشمیری عوام کا ناقابل تنسیخ حق ہے.

جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں میں دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حقوق کی جدوجہد کو تمام تر مشکلات کے باوجود جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

محمود احمد ساغر نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی اس مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں اور امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان عالمی برادری کیساتھ مل کر اس دیرینہ تنازعہ کا جلد حل تلاش کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرے گی، جو کشمیری عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں