ریڈ فاؤنڈیشن اسکول بیس بگلہ میں سالانہ رزلٹ تقریب کانہایت پر وقار، نظم اور پروفیشنل انداز میں انعقاد

244

باغ (سٹیٹ ویوز)بیس بگلہ میں ریڈ فاؤنڈیشن اسکول کے زیرِ اہتمام سالانہ رزلٹ تقریب نہایت وقار، نظم و ضبط اور پروفیشنل انداز میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی فوکل پرسن چیف منسٹر بلوچستان رانا کاشف صدیق تھے، تاہم کچھ ناگزیر وجوہات کے باعث وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔تقریب میں بطورِ مہمانانِ اعزاز راجہ نثار شائق صدر الپائن کلب آزاد کشمیر و امیدوار مسلم لیگ (ن)، راجہ عبدالحکیم خان، راجہ کاشف جمیل ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری الپائن کلب آزاد کشمیر، سید ظہیر گردیزی ریجنل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن، مشہور کسان عبدالرشید چغتائی، پرنسپل سہارا چلڈرن اکیڈمی ملوٹ صیاد احمد خان اور امیر جمعیت علمائے اسلام ضلع باغ مفتی عبدالرشید خان شریک ہوئے۔

پروگرام کی صدارت ادارے کے پرنسپل سید صابر حسین شاہ نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ پروگرام کے پہلے حصے میں طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ ملبوسات میں شاندار ہم نصابی سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا۔ نعتیہ کلام، خوبصورت ٹیبلوز، خاکے، قوالی اور تہذیبی، ثقافتی، مذہبی و اخلاقی اقدار پر مبنی ڈرامے پیش کیے گئے۔ وطن سے محبت کے اظہار کے طور پر بچوں نے پاکستان فوج کے لباس میں پریڈ پیش کی اور معرکۂ حق سمیت افواجِ پاکستان کے ملی نغموں پر متاثرکن ٹیبلوز و ڈرامے پیش کیے، جنہیں شرکائے تقریب نے بے حد سراہا۔

طلبہ کی شاندار کارکردگی پر معززینِ علاقہ اور مہمانانِ خصوصی نے ادارے کی انتظامیہ و اساتذہ کو مبارکباد دی، بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مٹھائی اور نقد انعامات کا اعلان کیا اور دل کھول کر داد دی۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں مہمانانِ اعزاز نے اپنے خطابات میں ادارے کی غیر معمولی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس دور افتادہ علاقے میں معیاری تعلیم اور بھرپور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد قابلِ فخر ہےریڈ فاؤنڈیشن واقعی تعلیم کے میدان میں روشن مثال ہے۔

تقریب کے تیسرے حصے میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے۔ معزز مہمانوں نے پوزیشن ہولڈرز اور اعلیٰ گریڈ حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی۔اس بامقصد تقریب میں طلبہ و طالبات، والدین اور عوامِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء کی بھرپور موجودگی سے واضح تھا کہ عوام ادارے کی کارکردگی سے مطمئن اور اس پر اعتماد رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں