سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں.مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اپیکا

198

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) ایپکاآزاد جموں و کشمیر کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل یاسر امین ترک نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈسپیئرٹی الاؤنس میں مزید 30 فیصد اضافہ کیا جائے اور ڈسپیئرٹی الاؤنس ملازمین کی جاریہ بنیادی تنخواہ پر دیا جائے۔ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر نظامت ہاء، سرکاری و نیم سرکاری اور خودمختار ادارہ جات کے ملازمین کو بھی یوٹیلٹی الاؤنس اور سپیشل الاؤنس دیے جائیں۔

ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت قبول نہیں۔ تفاوت کے خاتمے کے لئے ایپکا اب کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر امین ترک کا کہنا تھا کہ حکومتوں کی ناقص حکمت عملی اور دوہری پالیسی کے باعث ریاستی ملازمین شدید بے چینی اور مایوسی کا شکار ہیں۔ سیکرٹریٹ اور نظامت کے نام پر ملازمین میں تفرق پیدا کر دی گئی ہے۔ سیکرٹریٹ میں بھی ملازمین ہیں اور نظامتوں کے بھی ملازمین ہیں پھر ان کی تنخواہوں میں تفاوت کا کوئی جواز نہیں یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

سیکرٹریٹ اور نظامت سمیت کسی بھی ادارہ میں بھرتی کا طریقہ یکساں ہے، سکیل یکساں ہیں، کام کی نوعیت ایک جیسی ہے، فرائض یکساں ہیں تو پھر تنخواہوں میں تفاوت کیوں رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیکرٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے خلاف نہیں بلکہ مزید مراعات کے لئے سیکرٹریٹ ملازمین کے شانہ بشانہ ہیں۔ ہمارامطالبہ یہ ہیکہ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر نظامت ہاء اور دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے اور تمام ملازمین کو یکساں تنخواہ اور مراعات دی جائیں۔

یاسر امین ترک کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات یکساں نہیں ہوتیں اس وقت تک بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔ تنخواہوں اور مراعات میں برابری کے لئے مرحلہ وار بنیادوں پر منظم احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ تفاوت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں